عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر بھٹکل میں قائم ہوئی تاریخی انسانی زنجیر؛ وزیر منکال وئیدیا نے کی جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کی اپیل

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 16th September 2024, 11:35 AM | ساحلی خبریں |

بھٹکل، 16 ستمبر (ایس او نیوز): بھٹکل تعلقہ میں عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر شہر میں تاریخی انسانی زنجیر کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا، اور موسلا دھار بارش بھی اس زنجیر کو توڑنے میں ناکام رہی۔ ہائی اسکول اور کالج کے طلبہ، اساتذہ، سرکاری ملازمین اور مختلف اداروں کے ذمہ داران نے حکومتِ کرناٹک کے اعلان پر اس زنجیر کو تعلقہ کے بیلور سے شروع کرتے ہوئے شیرور تک پہنچایا۔ اس موقع پر ہندو مسلم اتحاد اور مختلف برادریوں کے درمیان شاندار یکجہتی کا مظاہرہ بھی دیکھنے کو ملا۔ خاص طور پر بھٹکل کے حنیف آباد کراس، تینگنگونڈی کراس، نوائط کالونی سے شمس الدین سرکل ہوتے ہوئے موگلی ہونڈا  تک انسانی زنجیر کی لمبی قطاریں نظر آئیں۔

15 ستمبر کو صبح آٹھ بجے سے ہی بھٹکل میں موسلا دھار بارش جاری تھی، اور جب صبح نو بجے طلبہ نیشنل ہائی وے پر انسانی زنجیر بنانے پہنچے، تو بارش کم ہونے کے بجائے مزید تیز ہوگئی۔ مگر لوگوں نے بارش کے باوجود چھتریاں ہاتھ میں پکڑ کر یا بھیگتے ہوئے زنجیر کو آگے بڑھایا۔

پروگرام کا آغاز بیلور میں بھٹکل تحصیلدار ناگراج نائک، تعلقہ پنچایت افسر وینکٹیش نائک، محکمہ سماجی بہبود کی افسر گیتا اور نوڈل افسر ملپا کی موجودگی میں چراغ جلا کر کیا گیا۔ انسانی زنجیر بیلور سے مرڈیشور اور شرالی کے راستے بھٹکل پہنچی، اور جیسے جیسے یہ زنجیر شہر کی طرف بڑھی، اس میں لوگوں کی دلچسپی بڑھتی گئی۔ بھٹکل شہر کے مختلف مقامات پر انسانی زنجیر کافی مضبوط ہوتی چلی گئی۔

بھٹکل کے مدینہ کالونی سے شمس الدین سرکل تک اتنی زیادہ تعداد میں لوگ شریک ہوئے کہ اگر ہاتھوں کی دوریاں برقرار رکھی جاتیں تو یہ زنجیر شیرور سے آگے بیندور تک پہنچ سکتی تھی۔ اسکول اور کالج کے طلبہ کے ساتھ ساتھ، مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری، جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی، میونسپل نائب صدر محی الدین الطاف کھروری، جالی پٹن پنچایت کے نائب صدر ایڈوکیٹ عمران لنکا، میونسپل چیف آفیسر نیل کنٹھ میستا اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

ہوناور میں ضلعی تقریب: عالمی یوم جمہوریت کی ضلعی تقریب اس بار بھٹکل کے پڑوسی تعلقہ ہوناور میں منعقد ہوئی۔ یہاں بھٹکل کے رکن اسمبلی اور ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے چراغ جلا کر پروگرام کا افتتاح کیا۔ اپنے خطاب میں منکال وئیدیا نے کہا کہ جمہوری نظام کو خطرات لاحق ہیں اور ہر شہری کو ان خطرات کے خلاف متحد ہونا چاہیے تاکہ آزادی، مساوات اور بھائی چارگی کے اصولوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

تقریب کا اہتمام ضلع انتظامیہ، ضلع پنچایت، محکمہ سماجی بہبود، محکمہ تعلیمات اور دیگر محکمہ جات کی جانب سے کیا گیا، جس کا افتتاح وزیر موصوف کے ہاتھوں عمل میں آیا۔

    اس موقع پر تعارفی خطاب کرتے ہوئے ضلع ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے کہا کہ ضلع میں ہلیال سے بھٹکل تعلقہ کے گورٹے تک جملہ 253 کلو میٹر لمبی انسانی زنجیر بنائی گئی  ہے جس میں  ایک لاکھ سے بھی زائد لوگوں نے حصہ لیا ہے ۔ انہوں نے ملک کے عوام کو اپنی زندگی میں بھائی چارگی، امن و مساوات اور جمہوری اقدار کو اپنانے پر زور دیا۔     انسانی زنجیر میں شرکت کرنے والے انتظامی اصلاحات بورڈ کے صدر آر وی دیشپانڈے نے کہا کہ ہوناور میں منائے جا رہے بین الاقوامی یوم جمہوریہ تقریب میں شرکت کی وجہ سے ہلیال کے پروگرام میں حاضر رہنا میرے لئے ممکن نہیں ہوا ۔ ہمارا دیش دنیا بھر میں اپنے جمہوری نظام کی وجہ سے ایک ماڈل بن گیا ہے ۔ جمہوریت کا ہر ایک اصول ہمارے دیش کی ترقی اور بھائی چارگی کی بنیاد ہے ۔     انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ریاست میں 'دستور پڑھو' کے عنوان سے ایک اہم پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد کیا جا چکا ہے ۔ امسال جمہوری اقدار کو مزید مستحکم کرنے کے مقصد سے خصوصی 'انسانی زنجیر' کا پروگرام وضع کیا گیا ۔ اس میں پارٹی بھید بھاو کے بغیر ہر ایک کی شرکت بہت اہم ہے ۔ اس تقریب کے اختتام پر پودے لگانے کا جو پروگرام ہے وہ ماحولیات کے تحفظ کی طرف ایک اہم قدم ہے ۔     گوکھلے کالج انکولہ کے پرنسپال ڈاکٹر سیدا لنگا سوامی نے جمہوریت کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا ۔      ہوناور گیروسوپّا سرکل کے پاس بنائی گئی انسانی زنجیر میں ڈاکٹر امبیڈکر، اونکے اولوا، سبھاش چندرا بوس، کتور رانی چنمّا، بھارت ماتا کے خصوصی لباس کے ساتھ  چھوٹے بچے، ہالکّی طبقہ کے لباس میں عوام کے گروپس شامل رہے ۔ مختلف اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ، انسانی زنجیر میں عوامی منتخب نمائندے، محکمہ جاتی افسران اور مختلف تنظیموں کے افراد شریک تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل میں 12 ربیع الاول کو پورے تزک و احتشام کے ساتھ نکالا گیا میلاد النبی ﷺ کا جلوس؛ نعت پاک اور نعرہ تکبیر کی گونج نے بھٹکل کی گلیوں کو کیا معطر

12 ربیع الاول کے موقع پر بھٹکل میں عید میلادالنبیﷺ کے جلوس کو ہر سال کی طرح اس بار بھی بھرپور تزک و احتشام کے ساتھ نکالا گیا۔ جلوس مختلف راستوں اور گلیوں سے گزرتا ہوا، نعت پاک اور "اللہ اکبر" کے نعروں کی صداؤں سے گونجتا رہا۔

منگلورو کے قریب بنٹوال میں اشتعال انگیز بیانات کے بعد کشیدگی

عید میلاد النبی کو لے کر  وشوا ہندو پریشد کے لیڈر شرن پمپ ویل  کی طرف سے اشتعال انگیز بیان کے بعد جب ر بنٹوال میونسپالٹی کے سابق چیرمین محمد شریف  نے اُنہیں اُسی  کے انداز میں جواب دینے کی  مبینہ   کوشش کے نتیجے میں آج  پیر صبح بنٹوال کے    بی سی روڈ علاقے میں ماحول کشیدہ ...