بھٹکل ، 27 / جولائی (ایس او نیوز) شہر کے سنڈے مارکیٹ روڈ پر گیس اسٹیشن یعنی ایل پی جی بنک قائم کرنے کے لئے ٹاون میونسپل کاونسل (ٹی ایم سی) ایڈمنسٹریٹر اور اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا کی طرف سے جو نو آبجکشن لیٹر ضلع ڈپٹی کمشنر کو بھیجا گیا ہے اس پر ٹی ایم سی کی میٹنگ میں گرما گرم بحث ہوئی اور اسے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
ٹی ایم سی کی ایڈمنسٹریٹر اور اے سی ڈاکٹر نینا کی صدارت میں منعقدہ کاونسل کے عام اجلاس میں کاونسلر فیاض ملا نے جب یہ مسئلہ اٹھایا تو کاونسلرس نے ایل پی جی اسٹیشن کے لئے نو آبجیکشن لیٹر دئے جانے پر سخت اعتراض جتایا اور پوچھا کہ اس جگہ ایل پی جی بنک کرنے کے خلاف جب اراکین کاونسل نے تجویز پاس کی تھی تو پھر یہ نو آبجکشن لیٹر کیوں اور کیسے دیا گیا ؟
اس کا جواب دیتے ہوئے چیف آفیسر نیل کنٹھ میستا نے بتایا کہ کاونسلرس کی تجویز ضلع ڈپٹی کمشنر کو بھیج دی گئی تھی۔ اس کے بعد ضلع ڈی سی نے ایل پی جی بنک قائم کرنے کے لئے ضروری متعلقہ دیگر تمام محکمہ جات کے نو آبجکشن لیٹر کے ساتھ درخواست بھیجی تھی کہ ٹی ایم سی کے ایڈمنسٹریٹر کی طرف سے نو آبجکشن لیٹر دیا جائے۔ اس لئے ڈی سی کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے نو آبجکشن لیٹر بھیجا گیا ہے۔
اس جواب پر سخت اعتراض جتاتے ہوئے سابق میونسپل صدر پرویز قاسمجی نے پوچھا کہ ٹی ایم سی میں کاونسلرس کا اقتدار ہے۔ ایسے میں کیا ایڈمنسٹریٹر کو ذاتی طور پر خود ہی تجویز منظور کرنے کا اختیار ہے؟ کاونسلرس نے جس جگہ ایل پی جی بنک کی تجویز کو نامنظور کیا تھا اسے رد کیے بغیر ہی ضلع ڈپٹی کمشنر کی طرف سے کس طرح نو آبجیکشن لیٹر طلب کیا جا سکتا ہے ؟
اس مسئلہ پر تمام کاونسلرس ایک متفقہ فیصلہ پر پہنچے اور مطالبہ کیا کہ ایڈمنسٹریٹر کے دورِ انتظام میں ایل پی جی بنک کھولنے کے لئے جو نو آبجکشن لیٹر دیا گیا ہے اسے منسوخ کیا جائے۔
میٹنگ کے دوران کاونسلر الطاف کھروری، راگھویندرا گوالی وغیرہ نے اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ شہر کے رنگین کٹہ، ساگر روڈ، منکولی وغیرہ میں رستوں کی حالت اور آئی آر بی کمپنی کی لا پروائی کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمنے اور آس پاس کے گھروں کے اندر پانی گھسنے کے مسائل پیش آ رہے ہیں۔ ٹی ایم سی اور ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کی غفلت اور کوتاہی کی وجہ سے پوری ریاست میں شہر کا نام بدنام ہو رہا ہے۔ اس لئے ٹی ایم سی کو اس تعلق سے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔
اس کا جواب دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر نینا نے کہا کہ ہائی وے کے مسائل پر بینگلورو میں گفتگو ہوئی ہے۔ جلد ہی یہ مسائل حل ہونے کی توقع ہے۔ ایک ہفتے کے اندر متعلقہ محکمہ کے افسران کے ساتھ میٹنگ منعقد کرکے اس پر بات چیت کی جائے گی۔