بھٹکل: انڈین نوائط فورم کا بینگلور میں خصوصی اجلاس؛ چھوٹے کاروباریوں کوفروغ دینے سمیت انٹرنیشنل لیول اسکول کے پروجکٹ کو دی گئی منظوری؛ گلف کے مندوبین کی شرکت
بھٹکل 14/اگست (ایس او نیوز) اندرون ہند کے مختلف شہروں میں قائم بھٹکل کی آٹھ جماعتوں پر مشتمل انڈین نوائط فورم نے بیرون ہند بالخصوص گلف کے مختلف شہروں میں قائم بھٹکل کی دس مختلف جماعتوں اورکینرا مسلم خلیج کونسل کے مندوبین کے ساتھ اتوارکو بینگلور کے ایک ریسارٹ میں یک روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں بھٹکل اور اطراف کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کی طرف توجہ دی گئی اور کئی ایک تجاویز منظورکئے گئے۔
بینگلور کا معروف ادارہ لائف لائن فاونڈیشن کے طرز پربھٹکل میں چھوٹے کاروباریوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے اور ایسے چھوٹے بزنس کے لئے بغیر سود کے قرض فراہم کرنے کے مقصد سے ایک منصوبہ پیش کیا گیا جس کو تمام مندوبین نے پسند کرتے ہوئے اس پروجکٹ کو آگے بڑھانے کے لئے ایک کمیٹی ترتیب دی اس موقع پر کئی ایک سرمایہ داروں نے اپنی اپنی طرف سے خطیر رقم بھی اس پروجکٹ کے لئے دینے کلا اعلان کیا۔ بینگلور کا ہی معروف ادارہ رہبر فائناشیل سروس کے طرز پر پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے تحت بھی ایک پروجکٹ ممبران کے گوش گذار کیا گیا جس کے تحت جن لوگوں کی رقم بغیر استعمال بینکوں میں جمع ہیں یا کوئی بھی شخص اپنی رقم بزنس میں لگانا چاہتا ہے تو اُن لوگوں کی رقم سے نئے بزنس پلان کا خاکہ پیش کیا گیا۔ اس تعلق سے ادارہ لائف لائن ، ادارہ رہبر فائناشیل اور ماونٹ جوڈی وینٹرس کے اہم ذمہ دار محمد علی شریف نے تفصیل سے اپنے اداروں کا تعارف، کام کرنے کا طریقہ اور اپنے ادارہ کی طرف سے عوام کو دی جانے والی سہولیات پیش کیں اور اس طرح کے اداروں کو قوم و ملت کے لئے مختلف علاقوں میں کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انڈین نوائط فورم کی طرف سے ایسی کوئی پہل ہوتی ہے اور وہ بھی بھٹکل یا پاس پڑوس میں ایسے ادارے قائم کرنا چاہتے ہیں تو وہ اُنہیں ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے اوران کی مکمل رہبری کرنے کے لئے تیار ہیں۔
اتوار صبح دس بجے سے شام قریب چھ بجے تک چلنے والی اس کانفرنس میں ایک انٹرنیشنل لیول اسکول کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ آئی این ایف کے سرگرم رکن معاذ جوکاکو نے اس تعلق سے بتایا کہ یہ پروجکٹ خالص کمرشیل ہوگا اور یہ اسکول مینگلور، بینگلور یا مڈکیری میں قائم کرنے کے تعلق سے حتمی فیصلہ کرنا باقی ہے۔ اس پروجکٹ کو بھی تمام حاضرین نے بے حد پسند کیا اور اس پروجکٹ کو بھی آگے بڑھانے پر رضامندی ظاہر کی گئی۔ آئی این ایف کے غفران لنکا نے ایک گلوبل کمیونٹی ڈیٹا بیس کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس کے ستعمال کے متعدد فوائد کو اجاگر کیا۔ اجلاس میں اس کے علاوہ بھی دیگر کئی اُمور پر گفتگو کی گئی اور کئی اہم فیصلے لئے گئے۔
آئی این ایف کے صدر ایس ایم ارشد نے اجلاس کی صدارت کرنے کے ساتھ ساتھ آخر میں تمام مندوبین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ذمہ داران پر مل جل کر اور متحد ہوکر کام کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہمیں صرف صدقہ، خیرات اور عطیہ جات دینے پر اکتفاء نہیں کرنا چاہئے بلکہ آگے بڑھ کر اپنی کمیونٹی کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی کو بہتر بنانے کی طرف بھی توجہ دینی چاہیے۔ آئی این ایف کے جنرل سکریٹری نعمان پٹیل نے نظامت کی۔ اس موقع پر آئی این ایف کے فاونڈر صدر عبدالمجید جوکاکو کی خدمات کے اعتراف میں انہیں تہنیت سے نوازا گیا۔
Bhatkal: INF's key conclave in Bangalore approves school & business promotion; Gulf delegates attend