انڈین نوائط فورم نے بھٹکل تنظیم کے حوالے کیا جنازہ وین کا عطیہ؛ جولائی کے پہلے ہفتے سے شروع ہوگی سروس
بھٹکل 27/جون (ایس او نیوز) ہندوستان کے آٹھ مختلف شہروں میں قائم بھٹکل کی جماعتوں کا مشترکہ وفاق انڈین نوائط فورم (آئی این ایف) کی طرف سے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کو جنازہ وین کا عطیہ دیا گیا ہے، جس کے ذریعے بھٹکل ٹاون میں جن کے گھر قبرستانوں سے زیادہ دوری کے فاصلہ پر ہیں، وہ لوگ میت مسجد تک لے جانے کے لئے اس وین کی سہولت لے سکیں گے۔ جنازہ وین میں جنازہ کو ٹاون حدود میں ہی ایک جگہ سے دوسری جگہ یعنی فراز والے گھروں (نوائط کالونی، مدینہ کالونی وغیرہ ) سے نشیبی علاقوں (پرانے محلوں) میں واقع گھر میں بھی منتقل کرنے کی سہولت ہوگی۔ اور یہ سروس بالکل مفت ہوگی۔
آئی این ایف کے صدر جناب ایس ایم ارشد نے بتایا کہ ہم نے جب دیکھا کہ منی لاری کی مدد سے میتوں کو گھروں سے نماز جنازہ کے لئے مسجدوں کو لے جایا جارہا ہے اور ایک گھر سے دوسرے گھر میت کو منتقل کرنے کے لئے بھی منی لاری کا سہارا لیا جارہا ہے تو ہم نے اُسی وقت اپنی میٹنگ میں اس بات کافیصلہ لیا کہ اس کام کے لئے ایک جنازہ وین بھٹکل کے عوام کی اہم ضرورت ہے جس کی تکمیل کے لئے آئی این ایف کی تمام آٹھ بھٹکلی جماعتوں نے تعاون فراہم کیا اور ہم نے بھٹکل میں آئی این ایف دفتر کے افتتاح کے موقع پر ہی جنازہ وین تنظیم کے حوالے کردیا۔ جناب ایس ایم ارشد نے بھٹکل انفال کے جناب رکن الدین اسلم اوراقبال کی ستائش کی جو بھٹکل کے عوام کو میت ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کے لئے اپنی کمپنی کی منی لاری فراہم کرتے رہے ہیں۔اس موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے بھی دونوں بھائیوں کی خدمات کی سراہنا کی اور اُن کے حق میں دعائیہ کلمات ادا کئے۔
جنازہ وین کو لے کر مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی ہے جس میں اس بات کی اطلاع دی گئی ہے کہ جنازہ وین کی سہولت انشاء اللہ ماہ جولائی کے پہلے ہفتے سے فراہم کی جائے گی اور قبرستانوں سے زیادہ دوری کے فاصلہ پر رہنے والے، میت کو مسجد تک لے جانے کے لئے اس وین سروس سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ پریس ریلیز میں عوام الناس سے کہا گیا ہے کہ جنازہ وین کی سہولت حاصل کرنے کے لئے ماہ جولائی سے جناب کولا عبدالسمیع (8971918484) یا تنظیم کی قبرستان کمیٹی کے دیگر ذمہ داران سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈین نوائط فورم ہندوستان کی اندرونی آٓٹھ جماعتوں بھٹکل مسلم جماعت ممبئی، مجلس آندھرا نوائط، بھٹکل مسلم اسوسی ایشن چنئی، بھٹکلی جماعت المسلمین مینگلور، بھٹکل مسلم جماعت بینگلور، بھٹکل مسلم جماعت کیرالہ، بھٹکل مسلم جماعت مڈکیری اور بھٹکل مسلم اسوسی ایشن کولکتہ پر مشتمل ہے۔
Indian Nawayat Forum Donates Janaza Van to Bhatkal Tanzeem; Service to Start in July