ہندوستان تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپس ایکو سسٹم
نئی دہلی، 21/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کہا کہ ہندوستان۱ء۲۵؍ لاکھ سے زیادہ اسٹارٹ اپس اور110یونیکارن کے ساتھ دنیا کے تیسرے سب سے بڑے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی حیثیت سے ابھرا ہے۔ اس کے ساتھ ہی صحیح فیصلوں کے ذریعہ ترقی یافتہ ملک بننے کیلئے روڈ میپ تیار کر رہا ہے۔
نئی دہلی میں `اسٹارٹ اپ مہاکمبھ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان کا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم اب صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں ہے، یہ اب ایک سماجی ثقافت بن گیا ہے۔ اس موقع پر مودی نے وعدہ کیا کہ وہ اپنی تیسری مدت میں ہندوستان کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپ ہندوستان کی ترقی میں بڑا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اسٹارٹ اپس انڈیا پہل اختراعی آئیڈیاز کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے اور صنعتکاروں اور کاروباری اداروں کو فنڈنگ سے جوڑتی ہے۔ لوگوں کی بدلتی ہوئی ذہنیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستان کے نوجوانوں نے ملازمتوں کے متلاشیوں کے بجائے روزگار پیدا کرنے والے بننے کا راستہ چنا ہے۔
وزیر اعظم نے اسٹارٹ اپ مہاکمبھ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور۲۰۲۷ء تک ایک وکست بھارت بننے کی غرض سے کام کرنے کے ملک کے روڈ میپ پر زور دیا۔ انہوں نے جدت طرازی اور اسٹارٹ اپ کلچر کے ابھرتے ہوئے رجحانات پر روشنی ڈالی اورگزشتہ چند دہائیوں میں آئی ٹی اور سافٹ ویئر شعبے میں ہندوستان کے ذریعہ اپنی چھاپ چھوڑنے کو اجاگر کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اسٹارٹ اپس کی دنیا سے لوگوں کی موجودگی آج کے موقع کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔ ملک میں اسٹارٹ اپس کی کامیابی پر توجہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے اس باصلاحیت عنصر کی طرف توجہ مبذول کرائی جو انہیں کامیاب بناتا ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں، انکیوبیٹرز، تعلیمی اداروں ، محققین، صنعت کے اراکین اورموجودہ اور مستقبل کے کاروباری افراداور صنعتکاروں کی موجودگی کا اعتراف کیا اور کہاکہ ’’یہ اپنی حقیقی شکل میں واقعی ایک مہاکمبھ ہے جو ایک بے مثال توانائی اورترنگ پیدا کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے اسی طرح کے ماحول کا تجربہ کرنے کا ذکر کیا جب وہ کھیلوں اور نمائشی اسٹالز کا دورہ کر رہے تھے جہاں لوگوں نے بڑے فخر کے ساتھ اپنی اختراعات کا مظاہرہ کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا’’اسٹارٹ اپ مہاکمبھ کا دورہ کرنے والا کوئی بھی ہندوستانی مستقبل کے یونیکارنس کا مشاہدہ کرے گا۔ ‘‘
وزیراعظم نے درست پالیسیوں کے باعث ملک میں اسٹارٹ اپ ایکوسسٹم کی ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے معاشرے میں اسٹارٹ اپ کے تصور کے بارے میں ابتدائی ہچکچاہٹ اور بے حسی کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپ انڈیا کے تحت کچھ عرصے کے دوران اختراعی خیالات کو ایک پلیٹ فارم ملا۔ انہوں نے کہاکہ ’’اسٹارٹ اپ ایک سماجی ثقافت بن گیا ہے اور کوئی بھی سماجی ثقافت کو نہیں روک سکتا۔ ‘‘ وزیر اعظم نے کہا کہ اسٹارٹ اپ انقلاب کی قیادت چھوٹے شہر کر رہے ہیں اوران میں بھی زراعت، ٹیکسٹائلز، ادویات، ٹرانسپورٹ، خلاء، یوگا اور آیوروید سمیت وسیع شعبے شامل ہیں۔ خلاءسے متعلق اسٹارٹ اپس کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستانی اسٹارٹ اپس خلاء کے شعبے میں ۵۰؍ سے بھی زیادہ شعبوں میں کام کر رہے ہیں جن میں خلائی شٹل کا آغاز بھی شامل ہے۔
اسٹارٹ اپ مہاکمبھ میں ریکارڈ توڑ شرکت دیكھی گئی جو ہندوستان کا سب سے بڑا اور اپنی نوعیت کا پہلا اسٹارٹ اپ ایونٹ ہے اور ہندوستانی اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں تمام اسٹیک ہولڈرس کے لئے ایک متحرک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔
اسٹیک ہولڈرس اور ماہرین کے اجتماع سے ڈیپ ٹیک، ایگری ٹیک، بایو ٹیک، میڈ ٹیک، اے آئی، گیمنگ وغیرہ جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں کو مزید ترقی ملے گی۔
اس ایونٹ میں زائد از۲۰۰۰؍ اسٹارٹ اپس، زائد از ۱۰۰۰؍سرمایہ کاروں، زائد از۱۰۰؍ یونیکارنس، زائد از۳۰۰؍انکیوبیٹروں اور ایکسلریٹروں، زائد از ۳۰۰۰؍ کانفرنس کے مندوبین، زائد از۱۰؍ ملکی وفود، زائد از۳۰۰۰؍ مستقبل کے صنعتكاروں اور زائد از ۵۰؍ہزار کاروبار سے وابستہ افراد کی میزبانی کی جا رہی ہے۔ اس تقریب میں تمام اسٹیک ہولڈرس کے درمیان آگے بڑھنے كے رخ پر نیٹ ورکنگ پر متحرک بات چیت دیکھنے میں آئی۔