بھٹکل شمس الدین سرکل سے متصل پٹرول پمپ پرسی این جی اسٹیشن کا افتتاح؛ الیکٹرک سواریوں کے لئے بہت جلد ہوگی چارجنگ کی سہولت
بھٹکل 21/ جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل شمس الدین سرکل سے متصل پیٹرول پمپ پر جمعہ کو سی این جی (کمپریس نیچرل گیس) اسٹیشن کا افتتاح بھٹکل کے معروف عالم دین مولانا شجاء الدین ندوی کی دعا سے ہوا جبکہ معلومات فراہم کرتے ہوئےمحمد فیمان علی مرتضیٰ محتشم نے بتایا کہ بھٹکل میں سی این جی کا یہ پہلا اسٹیشن ہے جس کے ذریعے عوام آٹو رکشہ، کار یا اپنی بڑی سواریوں پرگیس کے استعمال سے اپنی جیپ کا کافی بچت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمٹہ کے بعد قریب میں کہیں پر بھی سی این جی کا کوئی اسٹیشن نہیں تھا، اب بھٹکل میں اس کی شروعات کی گئی ہے۔
پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے بڑے بڑے شہروں میں سی این جی یعنی گیس سے چلنے والی سواریوں کا استعمال عام ہوگیا ہے، البتہ آہستہ آہستہ اب گیس سے چلنے والی گاڑیاں چھوٹے چھوٹے گاوں اور قصبوں میں بھی آرہی ہے۔ فیمان کے مطابق بھٹکل میں بھی گیس سے چلنے والے کئی آٹو رکشہ اور کارموجود ہیں۔ جبکہ آج کل ٹرک اور بسیں بھی گیس کی آگئی ہیں۔ چونکہ اس طرح کی سواریوں کے لئے بھٹکل میں کمپریس گیس کا کوئی اسٹیشن نہیں تھا، اس بناء پر لوگ مہنگے پٹرول خریدنے پر ہی مجبور تھے، مگر اب بھٹکل میں ہی کمپریس گیس اسٹیشن آنے کے بعد عوام آسانی کے ساتھ ایسی گاڑیوں کا استعمال کرسکیں گے۔
محمد فیمان نے بتایا کہ ایک کلو کمپریس گیس کی آج کی قیمت 79 روپیہ ہے۔ کار پرایک کلو گیس سے 25 سے 30 کلو میٹر تک کا سفر ممکن ہے۔ جبکہ ان کے اسٹیشن کو سی این جی فراہم کرنے والی ٹاٹا موٹرس کی اے جی اینڈ پی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ سی این جی سے جیب کی بچت پچاس فیصد کم ہوگی ساتھ ساتھ۔ سی این جی ہوا سے بھی ہلکی ہونے کی وجہ سے ایسی سواریوں کو آگ لگنے کا خدشہ بھی کم رہتا ہے۔ کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کمپریس گیس سے گاڑیوں کے انجن کی لائف بھی بڑھے گی۔
الیکٹرک سواریوں کے لئے چارجنگ کی سہولت: محمد فیمان نے بتایا کہ ان کے پٹرول پمپ پر بہت جلد الیکٹرک سواریوں کے لئے چارجنگ پوائنٹ بھی فراہم کرایا جائے گا۔ اس کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔
Inauguration of CNG Station in Bhatkal; Available at Petrol Pump Adjacent to Shamsuddin Circle