بھٹکل رابطہ دفتر میں CMKC موبائل کلینک کا افتتاح؛ مفت طبی سہولیات سے ساحلی بیلٹ کے عوام اُٹھاسکتے ہیں فائدہ
بھٹکل 4/اپریل (ایس اونیوز)کینرا مسلم خلیج کونسل (CMKC) کے زیر اہتمام ساحلی بیلٹ کے لوگوں کے لئے مفت طبی سہولیات کے ساتھ موبائل کلینک کا افتتاح بھٹکل جماعت المسلمین کے نائب قاضی مولانا عبدالنور فکردے ندوی کی دُعا کے ساتھ کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کونسل کے رکن ریاض منّا نے قوم و ملت سے اس کلینک سے استفادہ کرنے کی اپیل کی۔
بتایا گیا ہے کہ اس موبائل کلینک میں ایک ایم بی بی ایس ڈاکٹر(ڈاکٹر عبدالباشہ) ، ایک نرس ، ایک لیب ٹیکنیشن اور ایک پائلٹ کم ہیلپنگ اسٹاف موجود رہیں گے۔ اِس چلتی پھرتی کلینک میں مریض اپنی جانچ کراسکتے ہیں، ڈاکٹر کی تجویز پر دوائیاں اور ڈاکٹر کی ہی تجویز پر بلڈ ٹیسٹ، ای سی جی و دیگر ٹیسٹ بھی کرائے جاسکیں گے۔
سنیچر کو بھٹکل رابطہ آفس میں یہ موبائل کلینک موجود رہے گی، بھٹکل کے مریض سنیچر کو رابطہ آفس میں موجود اس ایمبولنس کلینک سے رجوع ہوکر اپنا مفت علاج کراسکیں گے۔ اسی دن شام کو یہ ایمبولنس بھٹکل کے قریوں میں جائے گی اور متعلقہ علاقہ کے ذمہ داران کے تعاون سے کسی گھر میں مریض ہو تو وہیں پہنچ کر جانچ کی جائے گی اور علاج تجویز کیا جائے گا۔
الگ الگ دن الگ الگ جگہوں پر اس موبائل کلینک کو رکھنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور گاوں ، دیہات اور قریوں قریوں میں پہنچ کر لوگوں کے علاج میں آسانی فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری نے کینرا مسلم خلیج کونسل کے عہدیداران جناب محمد یونس قاضیا، جناب امین سیف اللہ اور جناب ابومحمد مختصر کی ستائش کی جنہوں نے جہد مسلسل سے ایک خواب کوشرمندہ تعبیر کیا۔انہوں نے کہا کہ موبائل کلینک ایک دن اگر بھٹکل میں سروس دے گی، تواگلے دن مرڈیشور، پھر منکی، ولکی ، گیرسوپا ودیگر اطراف کے دیہاتوں میں بھی خدمات انجام دے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کلینک سے مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلم برادران بھی فائدہ اُٹھاسکیں گے، اور یہ سروس سبھوں کے لئے دی جارہی ہے۔ جناب عتیق الرحمن منیری نے جناب منیگار میراں کی بھی ستائش کی جنہوں نے کینرا مسلم خلیج کونسل کو موبائل کلینک کاعطیہ دیا، جس کی ڈیوٹی سنیچر سے شروع ہورہی ہے۔
بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سابق سکریٹری جنرل جناب ایس جے سید ہاشم، عبدالسمیع کولا، مرکز النوائط ابوظبی کے صدر اشرف علی مصباح سمیت کئی دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
CMKC launches mobile clinic in Bhatkal to provide free medical services across Sharavati belt