حیدرآباد سے مینگلور جانے والی ایکسپریس ٹرین کو مرڈیشور تک ملی توسیع؛ کالی کٹ اور تروپتی ہوتے ہوئے پہنچے گی حیدرآباد؛ بھٹکل میں پرتپاک استقبال
بھٹکل، 12 اکتوبر (ایس او نیوز): وزارتِ ریلوے کی جانب سے حیدرآباد سے مینگلور جانے والی (ٹرین نمبر 12789/12790 کچی گوڈا-منگلورو سنٹرل) ایکسپریس ٹرین کو مرڈیشور تک توسیع دینے کی منظوری ملنے کے بعد، آج ہفتہ کے روز بھٹکل اور مرڈیشور ریلوے اسٹیشنوں پر اس ٹرین کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
یہ ٹرین (ٹرین نمبر 12790) ہفتے میں دو دن یعنی ہفتہ اور بدھ کو مرڈیشور سے روانہ ہوگی اور بھٹکل، مینگلور، کاسرکوڈ، کالی کٹ، اور تروپتی سے گزرتے ہوئے 32 گھنٹے کا سفر طے کر کے حیدرآباد کے کچی گوڈا اسٹیشن پہنچے گی۔ جبکہ حیدرآباد سے یہ ٹرین (ٹرین نمبر 12789) جمعہ اور منگل کو مرڈیشور کے لیے روانہ ہوگی۔
معروف سیاحتی مقام مرڈیشور سے یہ ٹرین سنیچر اور بدھ کو دوپہر 15:30 بجے نکلے گی، بھٹکل میں 15:42، سورتکل میں 18:30، مینگلور سینٹرل میں 19:55، کالی کٹ میں 23:30 کو پہنچے گی ، اور اگلے روز صبح 3:52 بجے کوئمبتور اور صبح 11:55 بجے تروپتی کے قریب واقع رینی گُنٹا اسٹیشن پر پہنچے گی۔ آخر کار یہ ٹرین رات 23:40 بجے حیدرآباد کے کچی گوڈا اسٹیشن پر پہنچے گی۔
جمعہ اور منگل کو کچے گوڈا اسٹیشن سے ٹرین نمبر12789 صبح 06:05 بجے روانہ ہو گی، شام 16:45 بجے رینی گُنٹا پہنچے گی،جہاں پانچ منٹ رُکنے کے بعد ٹرین آگے روانہ ہوگی۔ اگلے روز صبح 01:12 بجے کوئمبتور، 03:25 بجے شورنور، 04:52 بجے کالی کٹ اور صبح 09:30 بجے مینگلور سینٹرل پہنچے گی۔ یہاں 10 منٹ کے وقفے کے بعد 9:40 بجے روانہ ہوگی، 10:32 بجے سورتکل، 11:40 بجے اُڈپی، 12:10 بجے کنداپور، 12:56 بجے بیندور، 13:40 بجے بھٹکل اور آخر میں 14:05 بجے مرڈیشور پہنچے گی۔
بھٹکل میں مینگلور اور کالی کٹ جانے اور وہاں سے آنے والے مسافروں کی تعداد کافی زیادہ ہوتی ہے، اور ہفتہ میں دو دن چلنے والی اس ٹرین سے ان مسافروں کو کافی سہولت حاصل ہوگی، جبکہ بھٹکل تعلقہ کا مرڈیشور سیاحت کے لئے پورے ملک میں مشہور ہے اور تروپتی مندر جانے والے کافی لوگ بھی بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا میں کافی تعداد میں پائے جاتے ہیں، ایسوں کے لئے بھی یہ ٹرین انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگی۔