بھٹکل: گئو ہتھیا پر پابندی لگانا ہے تو پہلے بی جے پی والے اپنے قصائی خانوں کو بند کروائیں ؛ وزیر منکال وئیدیا کا بی جے پی پر تیکھا وار
بھٹکل 6 / جون (ایس او نیوز) بی جے پی والوں کو سب سے پہلے وزیر اعظم مودی سے کہلواکر اپنے وزیروں اور اراکین اسمبلی کے قصائی خانوں کو بند کروانا چاہئے، بی جے پی لیڈران کے ہی قصائی خانے ہیں، مودی حکومت کے ہی وزیر ہیں جو بیف کوبیرون ممالک میں ایکسپورٹ کرتے ہیں۔ پہلے اُسے بند کروائیں گئو ہتھیا خود بخود بند ہوجائے گی۔ یہ بات بھٹکل رکن اسمبلی اور ریاستی وزیر برائے ماہی گیری و بندرگاہ و ان لینڈ ٹرانسپورٹ منکال وئیدیا نے کہی۔ گجرات یا کسی شہر کا نام لئے بغیر منکال وئیدیا نے کہا کہ کئی قصائی خانوں کے مالک خود بی جے پی کے لیڈرس ہیں۔ سب سے زیادہ بیف اُن ہی کی طرف سے بیرون ممالک میں ایکسپورٹ کیا جاتا ہے۔ منکال وئیدیا نے میڈیا والوں کو بھی نشانہ بناتے ہوئے پوچھا کہ آپ لوگ بیف ایکسپورٹ کے تعلق سے اُن لوگوں سے سوال کیوں نہیں کرتے کہ وہ لوگ کیوں گئو ہتھیاکررہے ہیں، وہ لوگ خود کیوں بیف کا ایکسپورٹ کررہے ہیں۔ بی جے پی والے خود اگر اپنا بیف کا کاروبار بند کریں تو 90 فیصد گئوہتھیا بند ہوجائے گی۔
بھٹکل سے قریب 30 کلو میٹر دور ہوناور تعلقہ کے کاسرکوڈ ایکو بیچ پر کانڈلا اتسوا کا افتتاح کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے منکال وئیدیا نے کہا کہ بی جے پی کا کام ہی عوام کو گمراہ کرنا اور الجھن میں مبتلا کرنا ہے اسی لئے اب وہ ہماری حکومت کے خلاف عوام کو بھڑکانے اور حکومت کے لئے مشکلیں کھڑی کرنے میں لگے ہیں ۔
نصابی کتب سے متعلق انہوں نے کہا کہ کانگریس کے زمانے میں تیار کیے گئے نصاب کی کتابیں پڑھ کر ہم سب جوان ہوئے ۔ اس نصاب سے اب تک کوئی گمراہی یا مسئلہ پیدا نہیں ہوا لیکن بی جے پی کے بر سر اقتدار آتے ہی نصابی کتابوں کا مسئلہ کیوں کھڑا ہوگیا ۔ وزیر نے کہا کہ بی جے پی اپنا اقتدار کھو چکی ہے، ریاست میں کانگریس کی مضبوط سرکار آچکی ہے، لہٰذا عوام کواب ان کی باتوں سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
وزیر موصوف نے سخت موقف اختیارکرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو غلط باتیں پھلا کر ریاست میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ 40فیصد کمیشن لیتے ہوئے بی جے پی والے موج مستی کرکے چلے گئے ۔ اب ہم ، ریاست کے عوام کو راحت پہنچانے والے پروگرام اور منصوبے لے کر آئے ہیں ۔ ہمیں پتہ چلا ہے کہ سیلاب زدگان کو معاوضہ پہنچانے میں بڑے پیمانے پر تفریق کی گئی ہے ۔ ان باتوں کی مکمل جانچ کی جائے گی ۔
بجلی کے نرخ میں اضافہ کے تعلق سے وزیر منکال وئیدیا نے کہا کہ یہ اضافہ بی جے پی کے زمانے میں ہی طے ہوا تھا ۔ اس بارے میں افسران نے عوام کو اطلاع نہیں دی تھی ۔ یہ بھی بی جے پی کی عوام کو گمراہ کرنے کی پالیسی کا نتیجہ ہے ۔ لیکن ہماری حکومت نے 200 یونٹ تک بجلی مفت دینے کا اعلان کیا ہے اورہماری حکومت عوام کو ہر طرح کی راحت پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔