حزب اللہ کا اسرائیل پر طاقتور حملہ، 250 راکٹ فائر کر کے 7 افراد زخمی
بیروت، 25/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) اسرائیل اور لبنان کی جنگجو تنظیم حزب اللہ کے درمیان حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں ہر طرف سے جوابی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ حزب اللہ نے ایک اور زبردست حملہ کرتے ہوئے اسرائیل کو دہلا دیا ہے۔ اس نے تقریباً 250 راکٹ فائر کیے، جس میں 7 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ یہ حزب اللہ کا پچھلے چند مہینوں میں سب سے بڑا حملہ ہے، کیونکہ اس کے کچھ راکٹ اسرائیل کے مرکزی علاقے تل ابیب تک پہنچ گئے، جو اس علاقے پر حملے کا نیا پہلو ظاہر کرتا ہے۔
اسرائیل کی 'میگن ڈیوڈ ایڈوم' ریسکیو سروس نے کہا ہے کہ اس نے حزب اللہ کی طرف سے اسرائیل پر داغے گئے حملوں میں زخمی ہوئے 7 لوگوں کا علاج کیا۔ جنگ بندی کے لیے مذاکرات کی طرف سے دباؤ بنائے جانے کے درمیان حزب اللہ نے یہ کارروائی بیروت میں شدید اسرائیلی حملے کے جواب میں کیے ہیں۔ حملے کے بعد اسرائیلی فوج کا بیان سامنے آیا ہے۔ اس کے مطابق اتوار کو حزب اللہ کی طرف سے تقریباً 250 راکیٹ داغے گئے جن میں سے کچھ کو روک دیا گیا۔
اس درمیان لبنان کی فوج نے کہا ہے کہ اسرائیل کے حملے میں اتوار کو لبنان کے ایک فوجی کی موت ہو گئی جبکہ 18 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ حالانکہ اس واقعہ پر اسرائیل کی فوج نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ حزب اللہ کے خلاف جنگی علاقے میں کیا گیا۔ فوج کی مہم صرف حزب اللہ کے لڑاکوں کے خلاف ہے۔ واضح ہو کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک 40 سے زیادہ لبنانی فوجی کی موت ہو چکی ہے۔ حالانکہ لبنان کی فوج اس جنگ سے موٹے طور پر دور ہی رہی ہے۔
ادھر لبنان کی وزارت صحت کے مطابق ہفتہ کو بغیر کسی وارننگ کے بیروت پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم سے کم 29 لوگوں کی جانیں چلیں گئیں جبکہ 67 زخمی ہوئے ہیں۔