ہیمنت سورین تیسری بار بنے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ، ایک سادہ تقریب میں گورنر نے دلایا حلف

Source: S.O. News Service | Published on 4th July 2024, 6:31 PM | ملکی خبریں |

رانچی، 4/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے کارگزار صدر ہیمنت سورین نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا ہے۔ ہیمنت سورین نے 154 دنوں کے بعد ایک بار پھر یہ ذمہ داری سنبھالی ہے۔ راج بھون میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں گورنر سی پی رادھا کرشنن نے انہیں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ ہیمنت سورین تیسری بار جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ بنے ہیں۔ بدھ (3 جولائی) کو چمپئی سورین نے وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

کابینہ کے باقی وزراء 7 جولائی یا کسی اور دن حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی اس تقریب میں مستعفی ہونے والے وزیر اعلیٰ چمپئی سورین، جھارکھنڈ کانگریس کے انچارج غلام احمد میر اور جھارکھنڈ میں انڈیا بلاک کے سرکردہ لیڈران موجود تھے۔ سورین کو اس سال 31 جنوری کو ای ڈی نے زمین گھوٹالے سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا اور اس سے عین قبل انہوں نے سی ایم کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کی جگہ ان کی کابینہ کے وزیر چمپئی سورین نے 2 فروری کو وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا۔

28 جون کو ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد ہیمنت سورین جیل سے باہر آئے اور ساتویں دن ہی انہوں نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھال لیا۔ بطور وزیر اعلیٰ ان کا یہ تیسرا دور ہے۔ اس سے پہلے 29 دسمبر 2019 کو انہوں نے اسمبلی انتخابات میں جے ایم ایم-کانگریس-آر جے ڈی اتحاد کی جیت کے بعد دوسری بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا تھا۔ وہ پہلی بار 13 جولائی 2013 کو وزیر اعلیٰ بنے تھے۔ حلف لینے سے تقریباً دو گھنٹے قبل سورین نے 31 جنوری کی فائل فوٹو سوشل میڈیا ایکس پر شیئر کی جس میں وہ گورنر کو اپنا استعفیٰ پیش کر رہے تھے۔ اس تصویر کے ساتھ سورین نے لکھا کہ ہر ناانصافی کو معلوم ہے کہ ایک دن اسے انصاف حاصل ہوگا۔ جئے جھارکھنڈ۔

قابل ذکر ہے کہ جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی چمپئی سورین نے بدھ (3 جولائی) کی شام 7.15 بجے راج بھون پہنچ کر گورنر سی پی رادھا کرشنن کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی حکمران اتحاد کے نئے لیڈر ہیمنت سورین نے 45 ارکان اسمبلی کی جانب سے گورنر کو حمایت کا ایک خط دیا تھا، جس میں نئی ​​حکومت کا دعویٰ پیش کیا گیا تھا۔ اس کے بعد جمعرات کی دوپہر تقریباً 1.30 بجے گورنر سی پی رادھا کرشنن نے ہیمنت سورین کو وزیر اعلیٰ مقرر کیا اور انہیں حکومت بنانے کی دعوت دی۔

ایک نظر اس پر بھی

گجرات کے سورت میں ایک کثیر منزلہ عمارت کے گرنے سے 7 افراد جان بحق

سورت کے سچن پالی گاؤں میں ہفتہ یعنی6 جولائی کو حادثہ پیش آیا۔ ایک چھ منزلہ عمارت گر گئی، جس کی وجہ سے کئی لوگ ملبے تلے دب گئے۔ فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور رات بھر امدادی کارروائیاں کیں۔

بارش ہندوستان کے لئے نہیں بلکہ دنیا کے کئی ممالک کے لئے بنی مصیبت

ملک بھر میں مانسون کی آمد آمد ہے۔ ہر طرف بارش ہو رہی ہے۔ جن مقامات پر شدید گرمی تھی وہاں بارش کی بوندوں سے راحت ملی ہے تاہم کئی علاقے ایسے ہیں جہاں بارش کا کہرام بھی نظر آنے لگا ہے۔ بھارت کی کئی ریاستیں بارش اور سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔

ہاتھرس بھگدڑ معاملے کا کلیدی ملزم 14 دنوں کے لیے عدالتی حراست میں بھیجا گیا

اتر پردیش کے ہاتھرس میں گزشتہ 2 جولائی کو مچی بھگدڑ معاملے میں کلیدی ملزم دیو پرکاش مدھوکر کو ہفتہ کے روز مجسٹریٹ عدالت نے 14 دنوں کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا۔ اس سلسلے میں افسران نے جانکاری دی اور بتایا کہ گرفتار کیے گئے ایک دیگر مشتبہ سنجو یادو کو بھی 14 دنوں کی عدالتی ...

یوپی: ہجومی تشدد میں مسلم شخص کی موت، ایف آئی آر درج

اتر پردیش کے شاملی میں، جلال آباد کے رہنے والے فیروز قریشی نامی شخص کو جمعرات کو ہجوم نے ’’چور‘‘ کہنے پر پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ دی آبزرور پوسٹ کے مطابق، فیروز، جو کام کیلئے گنگا آریہ نگر کے جلال آباد علاقے میں گیا تھا، کو ہجوم نے اس بے دردی سے پیٹا کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ...

لوک سبھا الیکشن کے بعد سے 8 لنچنگ، 6 ہجومی تشدد 3 مسماری کے واقعات میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا: اے پی سی آر

ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (APCR) نے ایک پریشان کردینے والی  رپورٹ جاری کی ہے جس میں حالیہ انتخابی نتائج کے بعد تشدد اور شہری حقوق کی خلاف ورزیوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد سے آٹھ لنچنگ، ہجومی تشدد کے چھ واقعات اور غیر ...

مغربی بنگال میں ایک اور مسلم نوجوان ہجومی تشدد کا شکار

مغربی بنگال میں میں ایک بار پھر چوری کے شبہ میں ایک نوجوان کے ساتھ ہجومی تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے۔یہ واقعہ ہوڑہ ضلع کے بانکڑہ میں پیش آیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق زخمی نوجوان کو مشتعل ہجوم سے بچانے کے بعد ہوڑہ کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔