ممبئی میں تیز بارش، کئی سڑکیں زیر آب، ٹریفک نظام متاثر
ممبئی، 20/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) ممبئی شہرو مضافات اور تھانے میں جمعرات کی صبح اچانک تیز بارش شروع ہوگئی جس کے بعد محکمہ موسمیات نے تھانے میں جمعہ (آج) کیلئے اورینج الرٹ جاری کرتے ہوئے تیز بارش کی پیش گوئی کی۔ جمعرات کو صبح کے وقت شدید بارش کے سبب متعدد مقامات پر سڑکیں زیر آب آگئیں جس سے ٹریفک نظام متاثر ہوا۔
ممبئی شہر و مضافات، تھانے اور ممبرا سمیت مختلف مقامات پر جمعرات کی علی الصباح سے زوردار بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس دن صبح ساڑھے ۸؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے درمیان جنوبی ممبئی کے قلابہ میں واقع محکمہ موسمیات کی مشاہدہ گاہ میں ۱۰۱؍ ملی میٹر جبکہ سانتا کروز میں ۵۰ء۲؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ تاہم جمعرات کو صبح ساڑھے ۸؍ بجے سے شام ساڑھے ۵؍ بجے تک قلابہ میں ۷۸؍ ملی میٹر اور سانتا کروز میں ۴۱ء۲؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی وقفہ کے دوران ممبئی کے جن دیگر علاقوں میں زیادہ بارش ہوئی، ان میں فورٹ ۷۷؍ ایم ایم، دہیسر۶۴، بوریولی ۴۹، واکولہ ۴۹، ملاڈ ۴۹، چکالہ ۴۷، ملنڈ ۴۵ء۶؍ اور وکھرولی ۴۳؍ ایم ایم شامل ہیں۔
بی ایم سی کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق ممبئی اور مضافات کے مختلف علاقوں میں گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران کُل ۱۰؍ مقامات پر درخت اور شاخیں گرنے کے واقعات ہوئے، ۴؍ مقامات پر گھروں یا دیواروں کے حصے گرنے کے حادثات ہوئے اور ۵؍ جگہوں سے شارٹ سرکٹ کی شکایتیں موصول ہوئیں۔ تاہم ان حادثات میں کسی کے زخمی ہونے کی خبر نہیں ہے۔
امسال جولائی میں ہونے والی موسلادھار بارش نے جون میں بارش کی کمی کی تلافی کردی اور جھیلوں پر بھی اب تک اطمینان بخش بارش ہوئی ہے جس سے ممبئی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی ساتوں جھیلوں میں گزشتہ برس کے مقابلے مجموعی طور پر زیادہ پانی ذخیرہ ہوگیا ہے۔
محکمہ آب رسانی کے مطابق گزشتہ برس ۱۸؍ جولائی کی صبح ۶؍ بجے تک ساتوں جھیلوں میں مجموعی طور پر ۳۵ء۷۰؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا لیکن امسال اسی تاریخ اور وقت تک ان جھیلوں میں ذخیرہ آب ۳۸ء۴۷؍ فیصد پہنچ گیا ہے۔ البتہ ۲۰۲۲ء کے مقابلے اس سال اور گزشتہ سال ان جھیلوں میں پانی کافی کم ذخیرہ ہوا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق ۲۰۲۲ء میں ۱۸؍ جولائی کی صبح تک ان تمام جھیلوں میں ۸۴ء۴۱؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا۔