بھٹکل میں شدید بارش؛ سات گھروں کو نقصان؛ سینکڑوں مکانات میں گھس گیا پانی
بھٹکل 24/ستمبر (ایس او نیوز): پیر کی رات سے منگل پورا دن جاری شدید بارش کے نتیجے میں بھٹکل تعلقہ کے مختلف علاقوں سے نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
پیر سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی تھی، مگر پیر اور منگل کی درمیانی رات تقریباً تین بجے سے شروع ہونے والی تیز بارش کے سبب نیشنل ہائی وے پر پانی جمع ہو گیا، جبکہ شرالی، موڈ بھٹکل، تلاند اور پورورگہ کے کئی مکانات میں پانی گھس جانے سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
صبح چھ بجے کے قریب رنگین کٹہ نیشنل ہائی وے اور شمس الدین سرکل پر بھاری مقدار میں پانی جمع ہونے کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، جبکہ کئی علاقوں میں گھروں کی دیواریں اور چھتیں گرنے سے نقصانات کی خبریں بھی سامنے آئیں۔
تعلقہ کے بیلور میں گریجا نیتیانندشیروگار کا مکان، کائیکنی اور جنتاکالونی میں مادیو کُوپیّا دیواڑیگا کا مکان، ہاڈین میں مادی دُرگپّا نائک کا مکان، آسارکیری میں شاردا ہونپّا نائک کا مکان، تگرگوڈ میں خان عبدالروف کا مکان، اور کِیترے میں ماستی گونڈا کا مکان شدید متاثر ہوا ہے۔ کوٹاکنڈھ میں ویگنیشور بھٹ کی ملکیتی مندر کی کمپاؤنڈ دیوار گرنے سے بھی نقصان کی اطلاع ہے۔
منگل کی شام سات بجے تک بارش کا سلسلہ کچھ حد تک تھم گیا تھا، لیکن جب بھی بارش شروع ہوتی ہے، اس کی شدت اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ پل بھر میں پانی سڑکوں پر جمع ہو جاتا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پیر کی صبح آٹھ بجے سے منگل کی صبح آٹھ بجے تک بھٹکل میں 128.8 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ اس سال اب تک 4898.6 ایم ایم بارش درج کی جا چکی ہے۔