موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری؛ بھٹکل، ہوناور، کمٹہ ، انکولہ اور کاروار میں سنیچر کو تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان؛ وزیر منکال کا بارش سے متاثرہ ہوناورکا دورہ

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 5th July 2024, 7:03 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 5/جولائی (ایس او نیوز)  ضلع اُترکنڑا میں جمعرات سے جاری زوردار بارش کا سلسلہ جمعہ کو بھی جاری رہا، جس کو دیکھتے ہوئے  بھٹکل ہوناوراور  کمٹہ میں آج جمعہ کو تمام اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا، اب اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر گنگوبائی مانکر نے بارش کے زوردار سلسلے کو دیکھتے ہوئے کل سنیچر کو بھی  بھٹکل، ہوناور اور کمٹہ کے ساتھ انکولہ اور  کاروار میں بھی تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر دفتر سے جاری کئے گئے سرکولر کے مطابق محکمہ موسمیات بینگلور نے ضلع اُترکنڑا میں 4 جولائی  کی دوپہر سے 7 جولائی صبح  8:30 بجے تک بھاری بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے اور ضلع میں اورینج الرٹ جاری کیا ہے جس کو دیکھتے ہوئے جمعہ کے بعد اب سنیچر کو بھی  ضلع کے بھٹکل، ہوناور ، کمٹہ ، انکولہ اور کاروار کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کا اعلان کیا جاتا ہے۔

بتاتے چلیں کہ جمعرات کے مقابلے میں جمعہ کو بھٹکل میں بارش میں تھوڑی کمی دیکھی گئی، مگر بالخصوص جمعہ کی نماز کے موقع پر بھاری بارش جاری رہی،  اس کے بعد وقفے سے وقفے  بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لیکن  بھٹکل میں جمعرات کو 125 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ  آج جمعہ کو 69 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

البتہ  پڑوسی تعلقہ ہوناور  ، کمٹہ، انکولہ اور کاروار  میں آج جمعہ کو زبردست  بارش  ہورہی ہے، بالخصوص ہوناور کے قصبوں   سڑلگی،  سمسی، ولکی، ہاڈین بال ، اُپنّی، ہیرانگڈی وغیرہ میں بھاری بارش  کا سلسلہ جاری  ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ہوناور میں چار راحت مراکز قائم کئے گئے ہیں اور  نشیبی علاقوں کے کئی خاندانوں کو راحت مراکز میں شفٹ کیا گیا ہے،  اسی طرح   کمٹہ اور انکولہ میں بھی  ایک ایک راحت سینٹر قائم کیا گیا ہے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو  راحت سینٹروں میں منتقل کیا گیا ہے۔ 

بھاری بارش کو دیکھتے ہوئے   اُترکنڑٖا ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے بارش سے متاثرہ ہوناور کا دورہ کیا  اور  راحت سینٹر پہنچ کر لوگوں سے بات چیت کی ۔ انہوں نے اُس جگہ کا بھی دورہ کیا جہاں پہاڑی کھسکنے سے نیشنل ہائی وے کئی گھنٹوں تک بند ہوگیا تھا۔ اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے  منکال وئیدیا نے بتایا کہ فی الوقت ہوناور تعلقہ کے مختلف قصبوں میں چار راحت سینٹرس قائم کئے گئے ہیں، مگر یہاں   ہورہی بھاری بارش کو دیکھتے ہوئے مزید چار راحت سینٹرس قائم کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش سے متاثرہ لوگوں کو حکومت کی جانب سے ہرممکن سہولیات فراہم کی جائے گی۔

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل نیشنل ہائی وے پر کار بے قابو ہوکر گارڈن میں گھس گئی

  ہلکی بارش کے دوران ایک ماروتی سوئفٹ کار ڈرائیور کے ہاتھوں  بے قابو ہوکر  میونسپل گارڈن میں گھس گئی، کار کو تھوڑا بہت نقصان پہنچا ہے، البتہ کار پر ڈرائیور اکیلا تھا، جس کی وجہ سے  معمولی زخموں کے ساتھ وہ محفوظ رہ گیا۔ حادثہ جمعہ کی شب قریب  گیارہ بجے   پیش آیا۔

بھٹکل: ندی میں پھسل کر ڈوبنے والے کسان کی لاش دو دن بعد برآمد

 منگل کے روز باغبانی کا کام مکمل کرنے کے بعد قریبی ندی میں ہاتھ پاؤں دھونے کے دوران غلطی سے ندی میں پھسل کر گرنے والے ایک کسان کی لاش آج جمعرات کو برآمد کر لی گئی۔ متوفی کی شناخت 52 سالہ رامیا کرشنا گونڈا کے طور پر ہوئی ہے۔

بھٹکل انجمن کالج کی طرف سے 'سوچھ ساگر، سرکشت ساگر' صفائی پروگرام

انجمن کالج  کی این ایس ایس اور این سی سی یونٹ کی طرف سے بھٹکل کے ماوین کوروا ساحل پر 'سوچھ ساگر، سرکشت ساگر' کے عنوان سے بڑی کامیابی کے ساتھ صفائی مہم چلائی گئی ۔ یہ پروگرام ماوین کوروے گرام پنچایت کے تعاون سے مرکزی وزارت یوتھ افیئرس اینڈ اسپورٹس کی ہدایت کے مطابق منعقد کیا گیا ...