بھٹکل میں طوفانی ہواوں کے ساتھ زوردار بارش؛ نستار میں مسجد کی چھت اُڑگئی؛ پیر کو اسکولوں اور پی یو کالجوں میں چھٹی کا اعلان
بھٹکل 14/جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا میں اتوار صبح سے طوفانی ہواوں کے ساتھ زوردار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں بعض علاقوں میں درختوں کی گرنے کی اطلاعات ہیں تو وہیں مُنڈلی پنچایت حدود کے نستار میں واقع الفلاح مسجد کی چھت اُڑ گئی اور سامنے واقع ایک گھر کی چھت کے ساتھ دوسرے گھر کے درمیان واقع ناریل کے درخت اورایک الیکٹرک کھمبے سے ٹکراتے ہوئے وہیں جاگری۔ چونکہ بارش کی وجہ سے بچے مسجد کے باہر موجود نہیں تھے اور لوگوں کی چہل پہل بھی بند تھی، اس لئے خوش قسمتی سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ شام قریب پانچ بجے طوفانی ہواوں کے ساتھ زور دار بارش جاری تھی، بارش سے بچنے کے لئے بعض لوگ مسجد کے اندر گھسے ہی تھے کہ اچانک ٹین سے بنی مسجد کی چھت اُڑ گئی ۔ سامنے ایک ناریل کا درخت اور ایک بجلی کا کھمبا ہونے کی وجہ سے چھت ایک مکان کی چھت پر اور دوسرا حصہ درخت اور کھمبے کے درمیان ہی پھنس گئی ۔ بتایا گیا ہے کہ عام دنوں میں مسجد کے صحن میں اکثر بچے کھیلتے رہتے ہیں اور لوگوں کی چہل پہل بھی رہتی ہے، مگر بارش کی وجہ سے بچے گھروں میں ہی بند تھے اور بعض لوگ بارش کے رُکنے کے انتظار میں مسجد کے اندر گئے ہی تھے کہ واردات پیش آئی۔
واقعے کو لے کر بھٹکل تحصیلدار اور مُنڈلی پنچایت کے ذمہ داروں کو اطلاع پہنچائی گئی ہے۔
پیر 15 جولائی کو اسکولوں اور پی یو کالجوں میں چھٹی: بھاری بارش اور محکمہ موسمیات کی جانب سے کل پیر 15 جولائی کو ریڈ الرٹ جاری کئے جانے پر اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، انکولہ، کاروار، سرسی، سداپور ، یلاپور، ڈانڈیلی اور جوئیڈا کے تمام اسکولوں اور پی یو کالجوں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔