مسقط کی ہیلتھ آفسراوربھٹکل کی دُختر ڈاکٹر وسیمہ، بسترمرگ کے مریضوں کا کریں گی مفت علاج؛ رابطہ سوسائٹی کا اعلان
بھٹکل 16/ ستمبر(ایس او نیوز) وزارت صحت مسقط میں ہیلتھ آفیسرکے طورپرخدمات انجام دینے والی بھٹکل کی ہونہاردُخترڈاکٹروسیمہ ایوب سدی باپا رابطہ سوسائٹی کے بینرپربھٹکل میں بسترمرگ کے بزرگ مریضوں کا مفت علاج کریں گی۔ اس بات کی اطلاع بھٹکل رابطہ سوسائٹی کے جنرل سکریٹری عتیق الرحمن مُنیری نے دی ہے۔
وہاٹس ایپ کے ذریعے اخبارنویسوں کومعلومات فراہم کرتے ہوئےانہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ جن گھروں میں بزرگ حضرات بسترمرگ پرپائے جاتےہوں اوراُنہیں طبی امداد کی ضرورت ہوتوموبائل نمبر: 9148448127 پر رابطہ کرکے ڈاکٹروسیمہ صاحبہ کا اپائنمینٹ حاصل کریں۔ وہ خود مریضوں کے گھر پنچ کر آُٓن کامعائنہ کریں گی، علاج تجویز کریں گی، ضرورت پڑنے پرماہرڈاکٹرسے رجوع ہونے کی ہدایت دیں گی۔اس تعلق سے محترمہ ڈاکٹر وسیمہ صاحبہ کو رابطہ کی طرف سے مریضوں کے گھرپہنچنے اورعلاج معالجہ کے لئے سواری سمیت ضروری سہولیات فراہم کی جائے گی۔ جبکہ ضرورت پڑنے پر رابطہ سوسائٹی کی ایمبولینس بھی استعمال کی جاسکتی ہے، بھٹکل کے عوام کو اپنی خدمات پیش کرنے کا جذبہ رکھنے والے ڈاکٹر وسیمہ بھٹکل سرکاری اسپتال کے ڈاکٹروں کا بھی تعاون حاصل کرے گی اور سرکاری ڈاکٹروں کے ذریعے بھی علاج معالجہ کو آگے بڑھانے کی طرف توجہ دیں گی۔
پتہ چلا ہے کہ ڈاکٹر وسیمہ آج سنیچرشام کو بھٹکل پہنچ چکی ہیں،اتوار17 ستمبر سے مریضوں کے ناموں کا اندراج شروع کیا جائے گا۔ جبکہ 19 ستمبر سے وہ اپنی خدمات فراہم کریں گی، بتایا گیا ہے کہ وہ مختصر مدت کے لئے بھٹکل تشریف لائی ہیں، اس لئےعوام الناس سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پہلی فرصت میں اپائنمینٹ حاصل کریں اوراپنے گھرمیں موجود بزرگ مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے ماہر ڈاکٹر وسیمہ کی خدمات سے استفادہ کریں۔ مزید تفصیلات کے لئے رابطہ سوسائٹی سے موبائل نمبر: 7899378300 یا 7349642746 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
کون ہیں ڈاکٹروسیمہ ؟ معروف اورصد سالہ قدیم تعلیمی ادارہ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے سابق جنرل سکریٹری مرحوم معلم ظفرعلی کی بڑی دُخترڈاکٹروسیمہ گذشتہ تیس سالوں سے وزارت صحت مسقط میں ہیلتھ آفیسر کے طورپرخدمات انجام دے رہی ہیں۔ بتاتے چلیں کہ والدہ نعیمہ جوباپو کی تربیت میں انہوں نے میٹرک امتحان میں پورے ضلع اورنگ آٓباد (مہاراشٹرا) میں اول رینک سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ممبئی کے گرانٹ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس مکمل کرنے کے بعد انہوں نے ممبئی کے ماسینا اسپتال سے اپنے طبی سفر کا آغاز کیا، جناب ایوب سدی باپاکے ساتھ اپنی ازدواجی زندگی شروع کرنے کے ساتھ ہی انہوں نے چائلڈ ہیلتھ میں ڈپلوما کیا اور پھرمسقط روانہ ہوئی، شوہرجناب ایوب صاحب نے انہیں مزید آگے بڑھنے میں بھرپورتعاون کیا اوران کی ہمت بڑھائی، یہی وجہ ہے کہ وہ تیس سالوں سے مسقط میں طبی خدمات پرمامورہیں اوربھٹکل کمیونٹی بھی ان سے بھرپوراستفادہ کررہی ہیں۔ ان کے تینوں فرزند انجینئرہیں اورمسقط میں ہی برسرروزگارہیں جبکہ ان کی ایک دُخترمینگلورینوپویا کالج میں بی ڈی ایس کررہی ہے۔ بتاتے چلیں کہ ان کی ایک ہمشیرہ محترمہ طالیہ معلم انجمن پی یو سی کالج فور ویمن میں نائب پرنسپال ہیں جبکہ ان کا ایک بھائی مُعِزمعلم دبئی میں ملازمت کےساتھ ساتھ بھٹکل مسلم جماعت دبئی میں صدارت کے اعلیٰ عہدہ پرفائزہیں۔