بھٹکل کے عازمین حج کو ویکسنیشن کے لئے اب کاروار جانے کی نہیں ہوگی ضرورت؛ ضلع اُترکنڑا کے تمام عازمین حج کے لئے بھٹکل میں ہی ویکسین دینے کا انتظام

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 22nd May 2023, 6:33 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 22 مئی (ایس او نیوز) بھٹکل سے حج کے سفر پر روانہ ہونے والوں کے لئے اب ویکسین کے لئے 125 کلو میٹر کا لمبا  سفر طئے کرکے کاروار جانے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ اِمسال کرناٹک حج کمیٹی کی طرف سے  ضلع اُترکنڑا کے عازمین حج کے لئے بھٹکل میں ہی  ویکسنیشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے بتایا کہ  ضلع اُترکنڑا میں سب سے زیادہ عازمین حج بھٹکل تعلقہ کے ہوتے ہیں ۔ اکثریت بھٹکل کے لوگوں کے ہونے کے باوجود یہاں کے لوگوں کو ویکسین کے لئے  ہر سال  ضلعی مرکز کاروارجانا پڑتا تھا۔بھٹکل کے عازمین حج کو ہورہی    پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے   تنظیم ،  کرناٹکا اسٹیٹ حج کمیٹی سے رُجوع ہوئی تھی اور  درخواست کی گئی تھی کہ    کاروار کے ساتھ ساتھ بھٹکل والوں کے لئے بھٹکل  میں  ہی  حج کا ٹیکہ  لگوانے  کی سہولت فراہم  کی جائے۔

اِمسال جب کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی سے رابطہ کرکے اُنہیں بتایا گیا کہ اِمسال  جملہ  ضلع اُترکنڑا کے  151 عازمین میں سے  102 عازم بھٹکل کے ہیں تو  حج کمیٹی نے  بھٹکل تنظیم ہال میں ہی ویکیسن کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ  بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے تعاون سے  اب 24/مئی کو  بھٹکل تنظیم ہال میں  حج کا ٹیکہ دینے کا پروگرام منعقد کیا گیا ہے جس میں ضلع کے تمام عازمین حج کو حج کا ویکسین دیا جائے گا ،ساتھ ساتھ   حج کی ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی۔

بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے بتایا کہ  بھٹکل تنظیم ہال میں حج ٹیکہ یا  ویکسین دینے   کا پروگرام 24 مئی کو رکھا گیا ہے، صبح دس بجے سے  شام 4:30  بجے تک یہ کیمپ چلے گا۔ اس دوران عازمین حج کو  حج کے تعلق سے تمام   ضروری معلومات بھی فراہم کی جائے گی۔ ان کے مطابق کرناٹک حج کمیٹی کے ذمہ داران  حج کے سفر پر روانہ ہونے والوں کو   سرکار کی طرف سے دی جانے والی سہولتوں،  مکہ اور مدینہ میں قیام  اور دیگر تمام  معلومات سے آگاہ کریں گے۔

عزیز الرحمن نے بتایا کہ  اس تعلق سے ضلع کے مختلف علاقوں سے   بھٹکل تشریف لانے والوں کو تنظیم میں ہی    صبح کے ناشتہ کے ساتھ دوپہر کے  طعام کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے  بتایا کہ  حج کا ٹیکہ لینے والوں کے لئے ضروری ہوگا کہ وہ ایک عدد پاسپورٹ سائز فوٹو اور کووڈ۔19 کے دونوں ڈوز،  لی ہوئی سرٹی فیکٹ اپنے  ساتھ لے کر آئیں۔

Hajj Training and Vaccination Camp Organized in Bhatkal for Uttara Kannada Pilgrims

ایک نظر اس پر بھی

کمٹہ - سرسی ہائی وے بہنے لگا چنڈیا ندی کا پانی - پھنس گئی مسافروں بھری بس - ٹریفک نظام ہوا متاثر 

مسلسل  برسات کی وجہ سے کمٹہ تعلقہ کے کتگال میں چنڈیا ندی ابل کر نیشنل ہائی وے 766E پر بہنے لگی ۔ اسی دوران ایک بس سڑک پر بہنے والے پانی کے اندر پھنس گئی جس سے مسافر پریشان ہوگئے ۔