بھٹکل میں گاندھی جینتی پروگرام؛ تعلقہ انتظامیہ کے ساتھ ساتھ سدبھاونا منچ نے بھی نکالی ریلی؛ گاندھی کے خواب کو پورا کرنے کا کیا گیا عزم
بھٹکل 2/ اکتوبر (ایس او نیوز) آج 2/اکتوبر کو پورے ملک میں گاندھی جینتی منائی جارہی ہے اور مہاتماگاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر اُن کی تعلیمات اور ملک کے لئے اُن کی خدمات کو عوام کے سامنے لانے کی کوششیں ہورہی ہیں، اسی طرح بھٹکل میں بھی آج مہاتماگاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر ایک طرف تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے خصوصی پروگرام کا انعقاد کرتے ہوئے ریلی کا اہتمام کیا گیا، اُسی طرح سدبھاونا منچ کے زیراہتمام گاندھی جینتی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں مقررین نے گاندھی کے خواب کو پورا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
منی ودھان سودھا میں تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی کی صدارت میں گاندھی جینتی کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں بھٹکل تحصیلدار ڈاکٹر سومنت سمیت میونسپل صدر، میونسپل چیف آفسر، محکمہ ہیلتھ کے آفسران اور اہلکار سمیت سماجی کارکنان نے پورے جوش و خروش کے ساتھ پروگرام میں حصہ لیا۔ اس تعلق سے ایک ریلی بھی نکالی گئی جبکہ شمس الدین سرکل پر صفائی مہم بھی چلائی گئی۔
دوسری طرف بھٹکل میں سدبھاونا منچ کے زیراہتمام بھی گاندھی جینتی پروگرام منعقد کیا گیا اور منچ کے صدر ستیش کمار کی صدارت میں شمس الدین سرکل اولڈ بس اسٹائنڈ کے قریب واقع پبلک چبوترے تک ایک ریلی نکالی گئی جہاں پر مختصر جلسہ منعقد کیا گیا تھا۔
پروگرام میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے ستیش کمار نائک نے گاندھی جی کے شانتی کے پیغام کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے گاوں، اپنے ضلع، اپنی ریاست اور پورے ملک میں امن و امان اور بھائی چارگی کی فضا کو قائم کرنا ہے، اسی مقصد کے تحت آج ہم جمع ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کے مختلف علاقوں سے مختلف طرح کی خبریں آرہی ہیں، ہمیں ایسے حالات میں گاندھی جی کے پیغام کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ایسے حالات میں گاندھی جی نے حالات کو پُرامن بنانے کے لئے کونسا منتر اپنایا تھا، ہمیں اُسی منتر کو اپنا کر ملک کے حالات میں امن او ربھائی چارگی کی فضا قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ضلع اُترکنڑا میں بھی گاندھی جی کی چھاپ دیکھی جاسکتی ہے، بھٹکل کے قریبی علاقہ انکولہ میں گاندھی جی نے نمک ستیہ گرہ میں حصہ لیا تھا اورانگریز حکومت کے خلاف برسرپیکار ہوئے تھے، ہمیں اپنے ضلع میں گاندھی کی چھاپ کو برقرار رکھنے اور گاندھی کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔
پروگرام میں نامدھاری سماج کے اہم لیڈر اور سابق صدر ایم آر نائک، انجمن ڈگری کالج کے پروفیسر آر ایس نائک، مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی، جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے امیر مقامی مولانا زُبیر ندوی، ایس آئی او بھٹکل یونٹ سکریٹری مشائخ طالش نے بھی اپنے اپنے خیالات پیش کرتے ہوئے گاندھی جی کے خواب کو پورا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ مقررین نے بتایا کہ گاندھی جی ایسا ہندوستان چاہتے تھے جہاں غریب سے غریب انسان بھی یہ سوچے کہ یہ ملک اُسی کا ہے، اس ملک میں اُس کی آواز کو برابر کی اہمیت حاصل ہے، یہاں اعلیٰ اور ادنیٰ طبقے کا کوئی تصور نہیں، یہاں ہرمذہب کے لوگ امن اور بھائی چارہ کے ساتھ رہ سکیں۔ بھٹکل کے ہندو۔مسلم ذمہ داران پر مشتمل سدبھاونا منچ کے جنرل سکریٹری ایم آر مانوی نے افتتاحی کلمات اور نظامت کی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے آخر میں شکریہ کلمات ادا کئے۔ پروگرام میں جماعت المسلمین بھٹکل کے صدر محتشم جان عبدالرحمن، مولانا امین رکن الدین ندوی، جماعت اسلامی ہند کے ضلعی ناظم طلحہ سدی باپا، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، جیلانی شاہ بندری، پلور محمد صادق، نیو انگلش اسکول کے پرنسپل ویریندر شانبھاگ، نیو شمس اسکول کے پرنسپل لیاقت علی، بھٹکل پریس اسوسی ایشن کے صدر موہن نائک سمیت کافی دیگر ذمہ داران موجود تھے۔