جے پور، 4/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)راجستھان کے جھالاواڑ ضلع کے گنگا دھار تھانہ کے تحت جیتا کھیڑی گاؤں میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی پراسرار موت کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ منگل کے روز پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں شوہر، بیوی اور ان کے دو بچوں کی جان چلی گئی، جن میں ایک سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ مرنے والوں کی شناخت ناگو سنگھ (27)، اس کی بیوی سنتوش بائی (25)، بیٹا یوراج (6)، اور ایک سالہ لوکیندر کے طور پر ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ناگو، سنتوش، اور یوراج کی لاشیں پھندے سے لٹکی ہوئی پائی گئیں، جبکہ لوکیندر کی لاش بستر پر ملی۔
اطلاع کے مطابق ناگو سنگھ کسان تھا جبکہ اس کے والد ٹرک چلاتے تھے اور حادثے کے وقت گھر سے باہر تھے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ لاشوں کی آخری رسوم ادا ہونے کے بعد رشتہ داروں کے بیان کی بنیاد پر معاملہ درج کیا جائے گا۔
ضلع ایس پی رچا تومر کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر مرنے والوں کے اہل خانہ سے جو بات چیت ہوئی ہے اس کی بنیاد پر زمین کو لے کر تنازعہ ہونے کی بات سامنے آ رہی ہے۔ دونوں مہلوکین کے رشتہ داروں نے پولیس کو بتایا ہے کہ ناگو اس کی پشتینی زمین کو فروخت کرنا چاہتا تھا جس کی اس کی اہلیہ اور دونوں طرف کے کنبہ کے لوگ مخالفت کر رہے تھے۔
وہیں جائے وقوع پر سے ایک خط بھی ملا ہے جو ممکنہ طور پر ناگو سنگھ کی طرف سے لکھا ہوا ہو سکتا ہے۔ خط میں ہے کہ جب وہ (ناگو) صبح میں سو کر اٹھا تو دیکھا کہ اس کی اہلیہ نے چھوٹے بچے کو مار ڈالا ہے اور خود کو بھی پھانسی کا پھندا لگا کر اپنی جان دے دی ہے۔
خط میں آگے لکھا ہے "اب میں اور بڑا بچہ بھی پھانسی لگا رہے ہیں کیونکہ اہلیہ کے رشتہ داروں نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کی بیٹی اور چھوٹے بچوں کو کچھ ہو گیا تو وہ ہمیں زندہ جلا دیں گے"۔ خط میں 3 لوگوں کے نام کا ذکر کیا گیا ہے جن کو اس بات کا گواہ بتایا گیا ہے۔ خط میں ہے کہ تینوں اس معاملے میں گواہی دیں گے اور موبائل میں ایک کال ریکارڈنگ کا بھی ذکر ہے۔ نوٹ کے آخر میں لکھا ہوا ہے کہ اس پورے معاملے میں میرے والد کی کوئی غلطی نہیں ہے۔