بھٹکل 5/نومبر (ایس او نیوز) دو الگ الگ مقامات پر شہد کی مکھیوں کے حملے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت کل چار لوگ زخمی ہو گئے ہیں۔ تمام زخمیوں کو بھٹکل سرکاری اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا ہے، جن میں سے ایک کو بعد میں ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ منگل شام کو پیش آیا۔
تعلقہ کے جالی کوڈی میں شہد کی مکھیوں کے حملے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد زخمی ہوئے جن کی شناخت 70 سالہ ماستمّا منجپّا نائک، 37 سالہ جانکی نائک اور 45 سالہ سُریش نائک کے طور پر کی گئی ہے، جبکہ تعلقہ کے شرالی بنگارمکّی میں گنپتی منجیا نائک (55) بھی شہد کی مکھیوں کے حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جالی کوڈی میں تینوں افراد اپنے گھر کے اندر موجود تھے کہ اچانک شہد کی مکھیوں کا ایک جھنڈ گھر میں داخل ہو گیا اور ان پر حملہ کر دیا۔ اس حملے میں 70 سالہ خاتون کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور انہیں آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
شرالی بنگارمکّی سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گنپتی نائک اپنے گھر سے بازار جانے کے دوران شہد کی مکھیوں کے حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔