بھٹکل تنظیم کے سابق جنرل سکریٹری ایس جے سید خالد انتقال کرگئے
بھٹکل، 26 اکتوبر (ایس او نیوز): قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے سابق جنرل سکریٹری، جناب ایس جے سید خالد (85 سال) آج بروز ہفتہ مینگلور کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔
معروف سماجی کارکن، بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سابق سکریٹری جنرل اور انجمن حامئی مسلمین و بھٹکل جماعت المسلمین کے سرگرم رکن جناب ایس جے سید ہاشم کے بڑے بھائی، جناب ایس جے سید خالد، 28 سال تک متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظبی میں ذریعہ معاش کے لئے مقیم رہے۔ اس دوران آپ مرکز النوائط ابوظبی کے دو میعاد کے لیے سکریٹری اور ایک میعاد کے لیے صدر کے عہدے پر فائز رہ کر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
مرکزالنوائط ابوظبی کے سینئر رکن اور سابق صدر، جناب محمد فاروق مصباح کے مطابق مرحوم سید خالد صاحب ابوظبی جماعت کے بانی اراکین میں سے تھے اور انہوں نے جماعت میں رہ کر بہترین خدمات انجام دیں۔
آپ 2002 میں بھٹکل واپس آئے اورغالباً 2009 میں مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری منتخب ہوئے، جہاں انہوں نے قوم و ملت کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا۔
ان کے ایک قریبی رشتہ دار نے بتایا کہ تقریباً آٹھ روز قبل طبیعت خراب ہونے پر انہیں مینگلور کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ طبیعت بگڑنے کی اطلاع ملتے ہی دبئی میں مقیم ان کے اکلوتے فرزند، سہیل ایس جے، آج صبح مینگلور پہنچ گئے، اور صبح قریب گیارہ بجے جناب سید خالد اپنے پیچھے بیوہ، سات بیٹیاں، پوتے پوتیاں، بھائی بہنیں اور دیگر عزیز و اقارب کو چھوڑ کر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
مرحوم کے انتقال پر مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری، جنرل سکریٹری جناب عبدالرقیب ایم جے ندوی، بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے صدر جناب محمد فاروق مصباح، سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری،تنظیم کے سابق جنرل سکریٹری جناب محی الدین الطاف کھروری اور دیگر کئی ذمہ داران نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔
میت مینگلور سے بھٹکل آزاد نگر فرسٹ کراس میں واقع ان کی رہائش گاہ پر لائی گئی جبکہ۔گھروالوں کے مطابق بعد نماز عشاء جامع مسجد میں ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور تدفین پرانے قبرستان میں عمل میں آئے گی۔