انکولہ ٹول گیٹ پراحتجاجی مظاہرہ کے بعد ہٹیکیری ٹول پر وصولی بند؛ کمٹہ اور شیرورمیں بھی ٹول بند کئے جانے کی توقع
بھٹکل 11/جولائی (ایس او نیوز) کاروار ایم ایل اے ستیش سئیل نے کانگریسی حمایتیوں اور مقامی لوگوں کے ساتھ انکولہ کے ہٹیکیری ٹول گیٹ پرپہنچ کرمنگل کو سخت احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے بعد ہٹیکیری ٹول گیٹ پر ٹول وصولی عارضی طور پر بند کردی گئی ہے۔ البتہ کمٹہ اور شیرور ٹول گیٹ پر وصولی جاری ہے۔
یاد رہے کہ 8 جولائی کو کاروار میں اُترکنڑا انچارج وزیرمنکال وئیدیا اور کاروار رکن اسمبلی ستیش سئیل نے کاروارکے لندن برڈج سے بینگا تک کی سرنگ کے کام کو انتہائی غیر معیاری قرار دیتے ہوئے نیشنل ہائی وے کی ٹھیکدار کمپنی آئی آر بی سے فٹنس سرٹی فیکٹ طلب کی تھی کیونکہ پچھلے کچھ دنوں سے ہورہی مسلسل برسات کے بعد اس سرنگ میں بڑے پیمانے پر پانی رِسنا شروع ہوگیا تھا۔ اور اسی بات کو لے کر ضلع انچارج وزیرمنکال وئیدیا اور ایم ایل اے ستیش سئیل نے سوال اٹھائے تھے۔ جب فٹنس سرٹی فیکٹ پیش نہیں کی جاسکی تو فوری طور پر بینگا سُرنگ کو بند کرنے کے احکامات دینے کے ساتھ ساتھ ہٹیکیری ٹول گیٹ پر وصولی کو بھی بند کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ مگر اگلے روز 9 جولائی کو بینگا سُرنگ عوام کے استعمال کے لئے بند کردی گئی، مگرٹول گیٹ پر وصولی نہیں رُکی تھی۔
میٹنگ کے تین دن بعد بھی جب نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے بینگا سُرنگ کی فٹنس سرٹی فیکٹ پیش نہیں کی گئی توآج اسی مسئلہ پر کاروار ایم ایل اے ستیش سئیل نے انکولہ کے ہٹیکیری ٹول گیٹ پر پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا، ان کے ساتھ کئی کانگریسی ارکان اور مقامی لوگ بھی احتجاج میں شامل ہوگئے، جس کو دیکھتے ہوئے آئی آر بی کمپنی نے عارضی طور پر ٹول وصول کرنا بند کردیا ہے۔
یاد رہے کہ وزیر منکال وئیدیا نے نیشنل ہائی وے کے غیر معیاری کاموں کے ساتھ ساتھ دس سال کا عرصہ گذرنے کے باوجود ہائی وے کا کام مکمل نہیں کئے جانے اور تعمیراتی کام مکمل کرنے سے پہلے ہی ٹول وصولی شروع کئے جانے کو لے کر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسروں کو پہلے بھٹکل پھر کاروار میں آڑے ہاتھوں لیا تھا اور ڈپٹی کمشنر کو حکم دیا تھا کہ جب تک ہائی وے کا کام درست نہیں کیا جاتا اُس وقت تک ٹول وصولی بند کرائی جائے۔ مگر بتایا گیا تھا کہ ٹول بند کرانے کا اختیار ڈپٹی کمشنر کو نہیں ہے۔ اس کے بعد کہا جارہا تھا کہ ریاستی وزیر کے احکامات کی کوئی قیمت نہیں ہے۔ مگراب چونکہ انکولہ میں ٹول وصولی بند کردی گئی ہے، سمجھا جارہا ہے کہ آج نہیں تو کل کمٹہ کے ہولیگدّے اور بھٹکل کے قریب شیرور میں بھی ٹول وصولی بند کی جاسکتی ہے۔
Following protests at Ankola toll gate, collection halted at Hattikeri toll