نیپال میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 170 ہلاکتیں، 4 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل

Source: S.O. News Service | Published on 30th September 2024, 12:36 PM | عالمی خبریں |

کھٹمنڈو،30/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)نیپال میں حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب کی صورتحال بے حد خراب ہو گئی ہے، جس کے ساتھ ہی لینڈ سلائیڈنگ کا مسئلہ بھی ابھرا ہے۔ ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں کے بڑے حصے زیر آب آ چکے ہیں۔ وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اب تک 170 افراد کی جانیں جا چکی ہیں جبکہ 42 افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں۔

وزارت داخلہ کے ترجمان رشی رام پوکھریل نے بتایا کہ ملک میں سیلاب سے متعلق واقعات میں 111 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ سبھی سیکوریٹی ایجنسیوں کی مدد سے تلاش اور بچاؤ مہم جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیپالی فوج نے سیلاب میں پھنسے 162 لوگوں کو فضائی راستے سے نکالا ہے۔ اس کے علاوہ نیپالی فوج، نیپالی پولیس اور مسلح پولس دستہ کے جوانوں نے 4000 لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات تک پہنچایا ہے۔ متاثرین کے درمیان خوردنی اشیا سمیت سبھی ضروری راحت سامان تقسیم کیے گئے ہیں۔

رشی رام پوکھریل نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ اور آبی جماؤ سے قومی شاہراہ پر آمد ورفت متاثر ہوئی ہے، جس کے سبب سینکڑوں لوگ پھنس گئے ہیں۔ قومی شاہراہ کو کھولنے کی کوشش جاری ہے۔ اس کے علاوہ کاٹھمنڈو کو دیگر اضلاع سے جوڑنے والے اہم راستہ تری بھوون شاہراہ پر آمد و رفت شروع ہوگئی ہے۔ افسران کے مطابق سیلاب سے نیپال میں کم از کم 322 گھروں اور 16 پُلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

جمعہ اور ہفتہ کو ہوئی شدید بارش کے بعد کاٹھمنڈو کی اہم ندی باگمتی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ سنگین حالات کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے تین دنوں کے لیے سبھی اسکول اور کالجوں کو بند کر دیا ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے 40 سے 45 برسوں میں کاٹھمنڈو وادی میں ایسا تباہ کن سیلاب اور آبی جماؤ کبھی نہیں دیکھا۔ انٹرنیشنل سنٹر فار انٹیگریٹڈ ماؤنٹین ڈیولپمنٹ کے آب و ہوا اور ماحولیات ماہر ارون بھکت شریشٹھ نے بھی کہا کہ میں نے اس پیمانے پر سیلاب پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

دوسری طرف افسران نے ہفتہ کو کاٹھمنڈو کی سرحد سے لگے دھادنگ ضلع میں لینڈ سلائیڈنگ میں ایک بس کے دب جانے سے کم از کم 19 لوگوں کی موت کی جانکاری دی ہے۔ بھکت پور شہر میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے ایک مکان کے منہدم ہو جانے کے سبب 5 لوگوں کی موت کی خبر ہے۔ مکوان پور میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعہ میں 6 فٹبال کھلاڑیوں کی جان چلی گئی ہے جبکہ دیگر لوگ سیلاب کے پانی میں بہہ گئے۔ ویسے اتوار کو نیپال میں بارش سے تھوڑی راحت ملی ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

ایک مقصد مکمل ہوا، مشن ابھی جاری ہے: نیتن یاہو کا بیان

اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے اتوار کو بیان دیا کہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے انہیں آسانی سے شکار ہونے والی مچھلی قرار دیا، لیکن ہم نے خود کو فولاد کی طرح مضبوط ثابت کیا۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق، نیتن یاہو نے نصراللہ کو ایک بڑی تخریب کار قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں ...

لبنان کی سرحدوں پر اسرائیلی ٹینکوں کی تعیناتی، بمباری کا سلسلہ جاری

اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد مشرق وسطیٰ کی صورتحال تیزی سے خراب ہوتی جا رہی ہے۔ چین اور روس نے فوری جنگ بندی کی درخواست کی ہے، جبکہ ایران نے نصراللہ کے قتل کا انتقام لینے کی دھمکی دی ہے۔ تہران نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ...

لبنان میں اسرائیلی حملوں سے تباہی، دیہی علاقوں میں 45 افراد ہلاک

اسرائیل اور لبنان کے درمیان جاری لڑائی خطے کے لیے خطرناک صورت حال پیدا کر رہی ہے۔ لبنانی وزارت صحت کے مطابق، اتوار کے روز اسرائیلی فوج نے دو مختلف علاقوں میں بے رحم فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں کم از کم 45 افراد ہلاک اور 76 زخمی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق، یہ حملے جنوبی لبنانی ...

اسرائیل کا بیروت میں ڈرون حملہ، رہائشی عمارتوں پر حملے میں 4 افراد جاں بحق

حزب اللہ کے سربراہ نصراللہ کی ہلاکت کے بعد اسرائیل اب لبنان کے دارالحکومت بیروت کے رہائشی علاقوں پر بھی حملے کر رہا ہے۔ اسرائیل نے پہلی بار بیروت میں رہائشی عمارتوں پر ڈرون حملہ کیا ہے۔ اس حملے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔ اتوار کی ...

حسن نصر اللہ کے قتل میں امریکہ کے ملوث ہونے کا الزام، اسرائیل نے 5000 پاؤنڈ وزنی بم استعمال کیے: ایران

اسرائیل کی طرف سے غزہ اور لبنان پر کیے گئے حملوں میں امریکہ کی حمایت اور اس کے شامل ہونے پر ایران سخت ناراض ہے۔ ایران نے الزام لگایا ہے کہ اسرائیل نے لبنان کی راجدھانی بیروت میں جو بموں کی برسات کی تھی، اسے امریکہ نے ہی دیا تھا۔ ان حملوں میں ہی حزب اللہ کے چیف حسن نصر اللہ جاں ...