بھٹکل تینگنگونڈی سمندر میں ماہی گیری جہاز، چھوٹی کشتی پر چڑھ گئی؛ دوسری کشتیوں کی فوری پہنچی مدد؛ تین ماہی گیر زخمی
بھٹکل، 26 نومبر (ایس او نیوز) تین ماہی گیر اس وقت زخمی ہوگئے جب ایک بڑی ماہی گیری بوٹ نے ان کی چھوٹی کشتی کو ٹکر ماردی، جس کے نتیجے میں کشتی الٹ گئی۔ حادثہ منگل کی شام تقریباً ساڑھے چار بجے بھٹکل کے تینگنگونڈی بندرگاہ کے قریب پیش آیا۔ زخمی ماہی گیروں کو فوری طور پر بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
زخمی ہونے والے ایک ماہی گیر محمد جعفر (50) نے بتایا کہ وہ اپنے ساتھیوں محمد حسن ڈانگی (62) اور منجوناتھ موگیر (55) کے ساتھ تینگنگونڈی بندرگاہ سے تقریباً 15 کلومیٹر دور سمندر میں مچھلیاں پکڑنے گئے تھے۔ حادثے کے وقت وہ جال بچھانے کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک ایک بڑی ماہی گیری بوٹ ان کی کشتی سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے فوراً بعد کشتی الٹ گئی اور تینوں ماہی گیر سمندر میں گر گئے،حادثے میں کشتی کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔
محمد جعفر کے مطابق، دن کے اُجالے میں شام ساڑھے چار بجے پیش آنے والا یہ حادثہ غیرمعمولی ہے کیونکہ رات کے اندھیرے میں چھوٹی کشتیوں کا نظر نہ آنا عام بات ہوتی ہے۔ حادثے کے بعد تینوں ماہی گیروں نے جان بچانے کے لیے ہاتھ پیر مارنے شروع کیے، جس کے دوران کافی فاصلے پر موجود دیگر ماہی گیروں نے انہیں دیکھ لیا اور فوری طور پر تین کشتیاں ان کی مدد کے لیے پہنچ گئیں۔
مدد کے لیے پہنچنے والی کشتیوں نے زخمی ماہی گیروں کو سمندر سے نکال کر محفوظ مقام پر پہنچایا اور ساتھ ہی ٹکر دینے والی بوٹ کو روکنے میں بھی کامیابی حاصل کی۔ زخمی ماہی گیروں کو بھٹکل سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں دو ماہی گیروں کو شدید چوٹوں کے باعث مزید اسکیننگ کے لیے ایک نجی اسپتال بھیجا گیا۔ سرکاری اسپتال کے ڈاکٹر نے بتایا کہ تمام ماہی گیر خطرے سے باہر ہیں۔
واقعے کو لے کر کوسٹل سیکورٹی پولیس کو اطلاع دے دی گئی ہے، اور زخمی ماہی گیروں نے حادثہ کرنے والی بوٹ کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ متاثرین کے مطابق حادثے کی وجہ سے نہ صرف ان کی جان خطرے میں پڑگئی تھی ،بلکہ ان کی کشتی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔