بھٹکل: ٹونکا، کاسر کوڈ میں سی آرزیڈ سروے اور پولس لاٹھی چارج کی مخالفت میں ماہی گیروں نے مرڈیشور میں وزیر منکال وئیدیا کی رہائش گاہ کے باہر کیا احتجاجی دھرنا

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 1st February 2024, 10:50 AM | ساحلی خبریں |

بھٹکل یکم فرور ی (ایس او نیوز)  ہوناور تعلقہ کے کاسرکوڈ ٹونکا  کے  ماہی گیروں نے مرڈیشور میں ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی دھرنا دیا اور بدھ کو ٹونکا میں بندرگاہ کے ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں سروے کے کام کی سخت مخالفت کی۔ عوام نے اس بات پر برہمی  کا اظہار کیا  کہ ٹونکا  میں سی آر زیڈ  کے نام پر سروے کرنے کی مخالفت میں  اُن پر پولس نے لاٹھی چارج کیا ہے اور 18 لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔

احتجاجی جب  مرڈیشور میں واقع  وزیر کی رہائش گاہ پر پہنچے تو  وزیر برائے ماہی گیر ی، بندرگاہ اور اندرون ملک آبی نقل وحمل سمیت اُترکنڑا انچارج وزیر منکال وئیدیا  اپنی  رہائش گاہ  پر موجود نہیں تھے، پتہ چلا کہ وہ شام کو ہی بینگلور کے لئے روانہ ہوچکے ہیں۔

    اس موقع پر  وزیر کی اہلیہ پشپالتاویدیا نے مظاہرین کو منانے کی کوشش کی، انہوں نے کہا کہ  وزیر اب گھر پر نہیں ہیں، جمعرات کو  جب وہ  واپس آئیں گے تو اُس وقت اُنہیں تمام حالات سے واقف کرائیں گے، انہوں نے   یقین دلایا کہ وزیر عوام کے لیے موجود ہیں وہ  آپ کے مسائل حل کریں گے۔ لیکن ان کی باتوں سے مظاہرین مطمئن نہیں ہوئے اورکہا کہ  کاسرکوڈ کےٹونکا  میں  بندرگاہ کی تعمیر کے بارے میں اُنہیں  اندھیرے میں رکھا گیا۔ لوگ شروع سے ہی بندرگاہ کے کام کو لے کر احتجاج کرتے رہے ہیں اور اب اچانک سی آر زیڈ کے حوالے سے سروے کیا جا رہا ہے۔ احتجاجیوں نے بتایا کہ اُنہیں  حکومتی آرڈر لیٹر بھی نہیں دکھایا گیا اور کسی کو کچھ  بتائے بغیر سروے کے نام پر لوگوں پر ظلم ڈھایا گیا  ہے۔ مذکورہ علاقے میں 1000 سے زائد خاندان ہیں اور یہ معلوم نہیں کہ کتنے خاندان پناہ گزین ہو جائیں گے۔ پہلے کام اور سروے کے بارے میں معلومات دینا چاہئے تھا ، لیکن پوچھے جانے  اور سروے پر اعتراض کرنے پر ہم پر پولس والوں نے لاٹھیاں برسائی ہیں۔  ماہی گیروں  نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک اس کا تصفیہ نہیں ہو جاتا اُس وقت تک سروے نہ کیا جائے اور جن مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لیا ہے انہیں فوری رہا کیا جائے۔ پشپا لتاویدیا نے یقین دلایا کہ اس کو وزیر کے نوٹس میں لایا جائے گا۔

وزیر کی اہلیہ محترمہ پشپا لتا نے بتایا کہ وزیر منکال وئیدیا جمعرات کو آکر آپ سے ملاقات کریں گے تو احتجاجیوں نے  محترمہ کو بتایا کہ وہ اُنہیں فون کرکے  مطلع کریں اور سروے کے کام کو فوری روکنے کی ہدایت جاری کرنے کہیں، ساتھ ساتھ علاقہ میں جتنی بھاری مقدار میں پولس فورس تعینات کی گئی ہے، اُنہیں وہاں سے ہٹائیں ، ہم وہاں کسی  بھی حال میں پولس کو دیکھنا نہیں چاہتے۔ ماہی گیروں نے شکایت کی کہ اس سے قبل وزیر موصوف خود بندرگاہ کا کام روکنے کے لیے ہمارے ساتھ کھڑے تھے، مگر اب وہ بندرگاہ کے ہی وزیر بن گئے ہیں۔  انہیں  اپنی پرانی  بات پر قائم رہنا چاہیے اور ہماری مدد کرنا  چاہئے۔   مظاہرین نے انتباہ دیا کہ اگر عہدیداروں نے مناسب معلومات فراہم کئے بغیر دوبارہ سروے کا کام جاری رکھا تو  اب یہاں  جتنے لوگ  آئے ہیں  اس  سے تین گنا زیادہ لوگوں کو اکٹھا کیا جائے گا اور وزیر کے گھر کے باہر  احتجاج  کیا جائے گا۔

ایک نظر اس پر بھی

کمٹہ میں 30 فٹ گہری کھائی میں گر گئی کار - بال بال بچ گئے مسافر

کیرالہ سے تعلق رکھنے والے تین افراد جب مہاراشٹرا کے کیرالہ کی طرف سفر کر رہے تھے تو کمٹہ کے قریب نیشنل ہائی وے 66 پر ان کی کار بے قابو ہو کر قریب میں واقع  30 فٹ گہری کھائی میں گر گئی مگر خوش قسمتی سے اس میں موجود تینوں افراد جسمانی نقصان سے محفوظ رہے ۔

شمالی کینرا ضلع ایس پی کا اہم اقدام - تمام خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ تال میل کے لئے مشترکہ میٹنگ کا انعقاد

  ملکی سالمیت اور سلامتی سے متعلقہ کئی اہم منصوبے ضلع شمالی کینرا میں موجود ہونے کی وجہ سے یہاں پر ملکی اور ریاستی سطح کی مختلف خفیہ تحقیقاتی ایجنسیاں سرگرم رہتی ہیں مگر ان کے درمیان کوئی مستحکم آپسی تال میل نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے معاملات میں بیک وقت اور موثر کارروائی انجام ...