اڈپی کی ندی میں کچرا پھینکنے والے پر لگا 10 ہزار روپے جرمانہ
اڈپی، 7 / اکتوبر (ایس او نیوز) سڑک کنارے اور ندی نالوں میں کوڑا کچرا پھینکنا اتنا عام ہوگیا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی اور گندگی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اس کی وجہ سے ماحول کو پاک و صاف رکھنے کے سلسلے میں بلدیاتی اداروں کی تمام کوششوں پر پانی پھر جاتا ہے ۔ ایسے میں اپنے اپنے علاقے میں عوام اگر ذرا سی بیداری دکھائیں تو اس مسئلہ سے نپٹنے میں آسانی ہو سکتی ہے ۔
عوامی بیداری کی ایک مثال 2 / اکتوبر کو اڈپی کے اجاور گرام پنچایت حدود میں پیش آئی جہاں ندی میں کچرا پھینکنے والے شخص کو مقامی افراد نے دھر لیا اور اس پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ حارث پاناجے نامی ایک شخص نے رات کے وقت بائک پر پیسوینی ندی کے کنارے پہنچ کر کچرا بھرا پیکیٹ ندی میں پھینکنے کی کوشش کی تو وہاں سے گزرتے ہوئے ایک مقامی شخص مہیش رائے کی نظر اس پر پڑی اور مہیش نے پنچایت اہلکاروں اور دیگر مقامی افراد کے ساتھ مل کر حارث کو آڑے ہاتھوں لینے کے بعد اسے پولیس کے حوالے کیا ۔
پولیس نے اس کی بائک پولیس اسٹیشن میں روک لی اور اس سے تحریری قرار نامہ لینے کے بعد گھر جانے کے لئے چھوڑ دیا گیا ۔ دوسرے دن اجاور پنچایت میں حارث کو طلب کرکے تفتیش کے بعد اس پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ جرمانہ ادا کرنے کی رسید پولیس اسٹیشن میں دکھانے کے بعد اس کی بائک واپس دی گئی ۔