تمل ناڈو میں چٹان گرنے کا بڑا حادثہ، 5 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق
تروانملا، 3/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) تمل ناڈو کے تروانملا ضلع میں گردابی طوفان ’فینگل‘ کی وجہ سے مسلسل بارشوں کے دوران ایک بڑا سانحہ پیش آیا۔ ایک بھاری چٹان کا ٹکڑا ایک گھر پر گرنے سے 5 بچوں سمیت 7 افراد کی موت ہو گئی۔ اس حادثے میں 4 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں، جنہیں فوراً اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تمل ناڈو کے نائب وزیر اعلیٰ ادے ندھی اسٹالن نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے لیے 5 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
طوفان کی وجہ سے تمل ناڈو کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں ہو رہی ہیں، جس سے کئی مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ ضلع کرشناگیری میں شدید بارشوں کے سبب سیلاب کی صورتحال ہے اور اترنگری تعلقہ کے مختلف علاقوں میں پانی بھرنے سے وہاں کی سڑکیں اور گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے، جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اترنگری بس اسٹینڈ میں سیلاب کا پانی داخل ہونے کے سبب کئی بسیں پانی کے بہاؤ میں بہ گئیں اور سڑکوں پر پانی بہنے کی وجہ سے ٹریفک بری طرح متاثر ہوا ہے۔ علاقہ کے کئی گھروں میں بھی پانی داخل ہو چکا ہے جس سے لوگوں کی جائیداد کو نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ، مٹاپلی، پورکلاپلی اور ایلاچیوڑ گاؤں میں بھی سیلاب کی صورتحال بنی ہوئی ہے۔
سینگارپٹائی میں پیریار جھیل کے بھرنے کی وجہ سے پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے جس سے مقامی لوگوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ بی سی ویلفیئر ہاسٹل میں بھی پانی بھر گیا ہے جس کے سبب آٹھ طلبا کو اترنگری کے دوسرے ہاسٹل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
جوادھوں پہاڑوں سے پانی کی آمد میں تیزی آنے کے بعد اترنگری تالکا کی ایک پنچایت کے نزدیک ایک جھیل کے پانی سے ارد گرد کے علاقے میں سیلاب آ گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو اور امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں تقریباً 37 سینٹی میٹر بارش ہو چکی ہے جس کی وجہ سے سیلاب کی صورتحال مزید گہری ہو گئی ہے۔