منگلورو ہوائی اڈے پر ایئر انڈیا چیک ان اسٹاف پر بد سلوکی کا الزام - کنزیومر فورم میں شکایت درج
منگلورو 4/ اپریل (ایس او نیوز) منگلورو انٹر نیشنل ہوائی اڈے سے سفر کرنے کے لئے اپنے تین چھوٹے بچوں کے ساتھ آنے والی خاتون نے الزام لگایا ہے کہ ایئر انڈیا کے چیک ان اسٹاف کے برے سلوک کی وجہ سے اذیت کا سامنا کرنا پڑا ۔
متاثرہ خاتون کے شوہر موڈ بیدری کے رہنے والے زبیر شیخ عثمان نے اس واقعہ کی تفصیل کے ساتھ ریاستی کنزیومر فورم میں شکایت درج کروائی ہے ۔ اس شکایت میں کہا گیا ہے کہ زبیر کی بیوی اپنے تین بچوں کے ساتھ فلائٹ کے ذریعے دبئی روانہ ہونے کے لئے ایئر پورٹ پہنچی اور سفر سے متعلق تمام کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد ایئر انڈیا کے چیک ان اسٹاف نے غیر متوقع طور پر اسے اپنا بیگ دوبارہ پیک کرکے لانے کو کہا ۔ لیکن جب وہ دوبارہ لگیج پیک کرکے واپس پہنچیں تو انہیں طیارے میں سوار ہونے سے روکا گیا۔
زبیر نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ان کے اہل خانہ کو اس طیارے سے ممبئی تک سفر کرنا تھا اور وہاں سے انہیں دوسری فلائٹ پکڑنی تھی۔ ایئر انڈیا اسٹاف نے دیگر مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت دی اور صرف ان کے اہل خانہ کو سفر کرنے سے روکا۔
اس نامناسب اور غلط رویے کی وجہ سے ان کے گھر والوں کو ذہنی اذیت کے علاوہ 63,537 روپے ٹکٹ کی رقم کا نقصان بھی اٹھانا پڑا ۔ اس لئے انہیں ایئر انڈیا سے اس کا ہرجانہ دلوایا جائے ۔