ایگزٹ پول کی کوئی اہمیت نہیں، یہ دو مہینے پہلے گھر پر تیار کئے گئے: ممتا بنرجی
کولکاتہ، 3/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اتوار کے روز کہا کہ ایگزٹ پول کے اندازے زمینی حقیقت سے میل نہیں کھاتے کیونکہ وہ دو ماہ قبل گھر پر ہی گڑھ لئے گئے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس طرح کے ایگزٹ پول کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور انہیں دکھانے پر میڈیا پر بھی تنقید کی۔
ممتا بنرجی نے کہا ’’ہم نے دیکھا کہ ٹی وی 9 بنگلہ نے 2016، 2019 اور 2021 میں ایگزٹ پول کس طرح کرائے۔ ان کی کوئی بھی پیشین گوئیاں درست نہیں ہوئیں۔ یہ ایگزٹ پول دو مہینے پہلے میڈیا کے لیے کچھ لوگوں نے گھر ہی تیار کئے تھے۔ ان کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ان کے جلسوں میں لوگوں کا ردعمل ایگزٹ پول کی پیشین گوئیوں سے میل نہیں کھاتا۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جس طرح سے بی جے پی نے پولرائزیشن کرنے کی کوشش کی اور غلط معلومات پھیلائیں کہ مسلمان درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کا ریزرویشن چھین رہے ہیں، مجھے نہیں لگتا کہ مسلمان بی جے پی کو ووٹ دیں گے۔ جبکہ بیشتر ایگزٹ پول میں پیش گوئی کی جا رہی ہے کہ ریاست میں بی جے پی کو ترنمول کانگریس سے زیادہ سیٹیں حاصل ہوں گی۔
اپوزیشن اتحاد 'انڈیا' کے امکانات پر انہوں نے کہا، ’’اکھلیش (یادو)، تیجسوی (یادو)، (ایم کے) اسٹالن اور ادھو (ٹھاکرے) اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ علاقائی پارٹیاں ہر جگہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔‘‘ ان سے یہ بھی پوچھا گیا کہ آیا مغربی بنگال میں سی پی آئی (ایم) اور کانگریس کے ساتھ ان کے تعلقات ان کے حکومت میں شامل ہونے کے امکانات کو متاثر کریں گے اگر 'انڈیا' مرکز میں اقتدار میں آتا ہے؟
بنرجی نے کہا، ’’مجھے نہیں لگتا کہ کل ہند سطح پر کوئی رکاوٹ ہو گی جب تک کہ سی پی آئی (ایم) مداخلت نہیں کرتی‘‘۔ انہوں نے کہا، ’’دیکھو، ہر علاقائی پارٹی کی اپنی عزت ہے اور سب سے بات کرنے کے بعد اگر ہمیں بلایا جائے گا تو ہم جائیں گے۔ ہم دیگر علاقائی جماعتوں کو بھی ساتھ لے کر چلیں گے لیکن پہلے انتخابی نتائج آنے دیں۔‘‘