بھٹکل میں7/مئی اورپڑوسی اضلاع اُڈپی اور مینگلور میں 26/ اپریل کو ہوگی پولنگ؛ پورے ملک میں سخت انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ
بھٹکل 17 مارچ (ایس او نیوز) الیکشن کمشنر کے اعلان کے مطابق ریاست کرناٹک میں دو مرحلوں میں انتخابات ہوں گے، جس کے تحت بھٹکل سمیت اُترکنڑا، چکوڈی، بیلگاوی، باگلکوٹ، وجئے پور (ایس سی)، کلبرگی (ایس سی)، رائچور (ایس ٹی)، بیدر، کوپّل، بلاری (ایس ٹی)، ہاویری ، دھارواڑ، داونگیرے اور شموگہ میں 7/مئی کو انتخابات ہوں گے، جبکہ پڑوسی اضلاع اُڈپی۔چکمنگلور، دکشن کنڑا، ہاسن، چتردرگہ (ایس سی) ٹمکور، منڈیا، میسور۔کوڈگو، چامراج نگر (ایس سی)، بینگلور مضافات، بینگلور شمالی، بینگلور مرکزی، بینگلور جنوبی، چکبالاپور اور کولار (ایس سی) میں 26/اپریل کو انتخابات ہوں گے۔
سنیچر کو جیسے ہی الیکشن کمشنر نے پورے ملک میں سات مرحلوں میں انتخابات کا اعلان کیا، سنیچر سے ہی پورے ملک میں سخت انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا اور انتخابی گہماگہمی شروع ہوگئی۔
بھٹکل۔ہوناور حلقہ:
اُترکنڑا کے بھٹکل ہوناور حلقہ میں جہاں 7/ مئی کو انتخابا ت ہوں گے۔ بھٹکل میں 140 پولنگ بوتھوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جس میں بھٹکل کے مضافاتی علاقوں کے 102 اور بھٹکل میونسپل حدود اور جالی پٹن پنچایت حدود کے 38 پولنگ بوتھ شامل ہیں۔ اسی طرح ہوناور میں 102 پولنگ بوتھوں کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں مضافاتی علاقوں میں 92 اور ٹاون میں 16 بوتھ شامل ہیں۔
جنوری 22، کو جاری کی گئی ووٹر لسٹ کے مطابق بھٹکل میں ووٹروں کی تعداد 136587 اور ہوناور میں 88541 ہیں جس میں بھٹکل میں 360اور ہوناور میں 260 وی آئی پی ووٹروں کی شناخت کی گئی ہے۔بھٹکل تعلقہ میں 6 پولنگ بوتھ (پولنگ بوتھ نمبر 217، 218، 219، 220، 227، 229) اور ہوناور تعلقہ میں 3 پولنگ بوتھ (پولنگ بوتھ نمبر 74، 84، 85) کو کمزور پولنگ بوتھ سمجھا جاتا ہے۔جہاں گذشتہ انتخابات میں کم پولنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح گزشتہ 2019 لوک سبھا اور 2023 کے اسمبلی انتخابات کی بنیاد پر بھٹکل میں 26 اور ہوناور میں 11 پولنگ بوتھ ایسے ہیں جہاں 75 فیصد سے زائد ووٹنگ درج کی گئی ہیں۔
بھٹکل میں 15 پولنگ بوتھوں کو چھوڑ کر تمام پولنگ بوتھ سرکاری عمارتوں میں ہی قائم کئے گئے ہیں جہاں انتخابی کاروائی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔
بھٹکل میں ایک پولنگ اسٹیشن (بوتھ نمبر 117) مرکزی پولنگ اسٹیشن سے 25 کلومیٹر دور واقع ہے۔ جبکہ ہوناور میں 30 پولنگ بوتھ ایسے ہیں ، جو مرکزی پولنگ اسٹیشن سے 25 کلومیٹر دور واقع ہیں۔
بھٹکل کے سری گروسودھیندرا کالج میں ایک انتخابی دفتر کھولا جا رہا ہے۔جہاں بھٹکل تعلقہ رینج میں 13 بسیں، 19 ٹیمپو اور 9 جیپ کی سہولیات رہیں گی، جبکہ ہوناور تعلقہ میں 10 بسیں، 20 ٹیمپو اور 15 جیپیں استعمال کی جا ئیں گی۔
انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے لیے بھٹکل میں 22 اور ہوناور میں 17 افسران کی ٹیم کام کرے گی۔
بھٹکل کے آننداشرم کانوینٹ اسکول اور ہوناور میں ہولی روزری کانوینٹ میں انتخابی عملے کو تربیت دینے کی تیاریاں کی گئی ہیں۔