جھارکھنڈ: الیکشن کمیشن نے بی جے پی کے اشتہار کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی مانا، ہٹانے کا حکم
رانچی، 18/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ مکمل ہو چکی ہے، اور دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 20 نومبر کو ہوگی۔ اس دوران بی جے پی، کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتیں اپنی انتخابی تشہیر کے لیے مختلف اشتہارات، ویڈیوز اور آڈیوز جاری کر چکی ہیں۔ تاہم، جھارکھنڈ میں بی جے پی کے ایک اشتہار نے الیکشن کمیشن کو مداخلت پر مجبور کر دیا۔ کمیشن نے اس اشتہار کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے فوراً اسے ہٹانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
'اے بی پی نیوز' کے مطابق مرکزی الیکشن کمیشن نے کانگریس اور جے ایم ایم کی شکایت پر جھارکھنڈ کے چیف الیکٹورل آفیسر کو کہا ہے کہ وہ ریاستی بی جے پی کی سوشل میڈیا ٹیم کے ذریعہ 'ایکس' اور فیس بُک صفحہ پر ڈالے گئے اشتہار پر کارروائی کرتے ہوئے اسے ہٹانے کی ہدایت جاری کریں اور جہاں جہاں بھی یہ اشتہار ہے اسے فوری طور پر ہٹایا جائے۔
دراصل جس اشتہار کو لے کر الیکشن کمیشن میں شکایت کی گئی تھی اس میں کہا گیا تھا ''پورے جھارکھنڈ کا کایا پلٹ کر دیں گے"۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ کانگریس اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی شکایت کو دیکھنے کے بعد پایا گیا کہ شروعاتی طور پر جھارکھنڈ بی جے پی کے ذریعہ جاری کیا گیا یہ اشتہار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے تحت پہلے مرحلے کی ووٹنگ 13 نومبر کو ہو چکی ہے جس میں 43 سیٹوں پر رائے دہندگان نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔ اب دوسرے مرحلے میں 38 سیٹوں پر 20 نومبر کو ووٹنگ ہوگی اور پھر 23 نومبر کو نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔