بھٹکل 13/اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل میں صبح سے جاری شدت کی گرمی کے چلتے، شام ہوتے ہوتے بارش شروع ہوگئی، جس کے ساتھ ہی کچھ پل کے لئے عوام کو گرمی سے راحت مل گئی، لیکن بے موسم برسات کی وجہ سے عوام اِس بات کو لے کر پریشان ہیں کہ اب شہر میں گرمی کی شدت میں مزیداضافہ ہوگا۔
شام ٹھیک آٹھ بجے شہر میں طوفانی ہوائیں چلنی شروع ہوگئی، جس کے ساتھ ہی شہر بھر میں الیکٹری سٹی بند ہوگئی، ابھی پانچ منٹ کا وقفہ بھی نہیں گذرا تھا کہ اچانک بارش شروع ہوگئی۔ طوفانی ہوائیں چلنی شروع ہوتے ہی دوپہیوں پر سوار اکثر لوگ اپنی گاڑیوں کو کنارے لگا کر ہوائیں رُکنے کا انتظار کرنے لگے۔ پتہ چلا ہے کہ ہوائیں اتنی تیز تھی کہ کئی علاقوں میں کنارے پارک کئے گئے اسکوٹر اور بائک ہوا کے زور پر نیچے گرگئے۔ ا یک آٹو رکشہ ڈرائیور نے بتایا کہ ہواوں کا زور دیکھ کر اُس نے فوراً اپنا آٹو کنارے لے جاکر روک دیا ، جس کے ساتھ ہی بجلی بند ہوگئی، ابھی ہوائوں کا سلسلہ رُکنے ہی والا تھا کہ بارش شروع ہوگئی۔
پتہ چلا ہے کہ بھٹکل میں بارش شروع ہونے سے پہلے گنگولی، بیندور اور شیرور میں کچھ وقفے کے لئے بارش ہوئی تھی، جس کے بعد بھٹکل میں بارش شروع ہوگئی۔ قریب 45 منٹ تک بارش کے بعد بارش کا سلسلہ رُک چکا ہے۔
بھٹکل میں صبح سے ہی شدید گرمی سے لوگ پریشان تھے، درجہ حرارت 32 ڈگری دکھا رہا تھا، لیکن محسوس ہورہا تھا کہ 34 ڈگری سے بھی زیادہ ہے۔ لیکن اب بے موسم بارش سے عوام گرمی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کررہے ہیں۔
الیکٹری سٹی بند ہونے کے تعلق سے محکمہ ہیسکام کے آفسر نے بتایا کہ طوفانی ہوا اور بارش کو دیکھتے ہوئے پیشگی اقدام کے طور پر عارضی طور پر بجلی بند کی گئی ہے۔ بارش رُکتے ہی بجلی سروس بحال کی جائے گی۔
بتاتے چلیں کہ جمعہ کو ہبلی، منڈگوڈ، یلاپور اور ہلیال وغیرہ علاقوں میں شدید گرمی کے بعد بارش ہوئی تھی، بعض جگہوں پر بارش کے ساتھ بجلی گرنے سے جانوروں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی تھی۔