دُبئی اور امارات کے رہائیشوں کے لئے خوش خبری: تُھمبے گروپ کا عجمان کے الجُرف میں نئے کلینک کا افتتاح، جمعہ کو مفت خدمات کا اعلان
دبئی 2/نومبر(ایس او نیوز): تُھمبے گروپ کے ہیلتھ کیئر ڈویژن نے متحدہ عرب امارات میں اپنی فیملی کلینکس کی نیٹ ورک کو وسعت دینے کے لیے عجمان کے علاقے الجُرف میں ایک نئے کلینک کا افتتاح کیا ہے اور جمعہ کو مفت طبی خدمات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تُھمبے گروپ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس کلینک کا مقصد کمیونٹی کو جامع طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، جس میں دار البر سوسائٹی، بیت الخیر سوسائٹی اور انٹرنیشنل چیریٹی آرگنائزیشن سمیت دیگر فلاحی ادارے تعاون کر رہے ہیں۔
افتتاح کے موقع پر فری فرائیڈے کلینک کا اعلان کیا گیا ، جس میں جنرل فزیشنز سے مفت مشاورت اور بلڈ پریشر، بلڈ شوگر اور باڈی ماس انڈیکس کے مفت چیک اپ شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب میں تھمبے گروپ کے بانی صدر ڈاکٹر تھمبے محی الدین، اور نائب صدر مسٹر اکبر محی الدین تھمبے سمیت گروپ کے سینئر اراکین موجود تھے۔ مسٹر اکبر محی الدین تھمبے نے اس موقع پر کہا کہ "ہم اعلیٰ معیار، مریض مرکوز اور کم لاگت طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ یہ کلینک مختلف خصوصی خدمات فراہم کرے گا، جس سے تھمبے کلینکس کی فیملی ہیلتھ کیئر کی حیثیت مزید مضبوط ہوگی۔"
ڈاکٹر تھمبے محی الدین نے کہا کہ یہ نیا کلینک گروپ کی شمالی امارات میں توسیع کی حکمت عملی کا حصہ ہے اور آئندہ 4-5 سالوں میں اپنی افرادی قوت کو بڑھانے کا عزم رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہمارا مقصد معیاری طبی سہولیات کو سب کے لیے قابل رسائی بنانا ہے، اور فری فرائیڈے کلینک اس مشن کا اہم حصہ ہے۔"
یہ کلینک تھمبے میڈیسٹی، الجرٖف، عجمان میں واقع ہے اور ماہر ڈاکٹرز، لیبارٹری، اور ایکس رے سمیت گائناکالوجی، ڈینٹل اور جنرل میڈیسن خدمات فراہم کرتا ہے۔ کلینک ہفتہ سے جمعرات صبح 9 بجے سے رات 11 بجے اور جمعہ کو صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کھلا رہے گا۔
تھمبے ہیلتھ کیئر کا شمالی امارات میں مضبوط نیٹ ورک موجود ہے، جس میں شارجہ، عجمان، اُم القیوین، فجیرہ، اور راس الخیمہ شامل ہیں۔ تھمبے ہیلتھ کیئر نے اب تک 1 کروڑ 10 لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج کیا ہے اور 90 ہزار سے زیادہ ڈیلیوریز کی ہیں، جس سے طبی خدمات میں ان کے معیار اور عزم کی تصدیق ہوتی ہے۔
تھمبے میڈیسٹی میں حالیہ اقدامات میں تھمبے ایڈوانسڈ کینسر سینٹر کا آغاز شامل ہے، جو جدید کینسر علاج اور تحقیق پر مرکوز ہے۔ اضافی طور پر، ایک جدید کاسمیٹولوجی سینٹر کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، اور طویل مدتی دیکھ بھال کے لیے تھمبے فزیکل تھراپی اینڈ ریہیبلیٹیشن ہاسپٹل اور تھمبے یونیورسٹی ہاسپٹل کے درمیان مشترکہ حکمت عملی پر کام جاری ہے۔