ضلع اتر کنڑا میں بڑھ رہا ہے منشیات کا استعمال اور کاروبار
کاروار، 11 / دسمبر (ایس او نیوز) ریاست کے دوسرے مقامات کی طرح اتر کنڑا ضلع میں گانجہ، چرس، ایم ڈی ایم اے جیسی نشہ آور اشیاء کا استعمال اور کاروبار تیزی سے بڑھتا جا رہا ہے جو پولیس اور عوام کے لئے تشویش کا باعث ہے ۔
عام طور پر جتنی تعداد میں لوگ منشیات کا استعمال کرتے ہیں یا منشیات فروشی میں ملوث ہوتے ہیں ان میں سے پانچ دس فیصد بھی پولیس کے ہاتھ نہیں لگتے ، مگر پولیس کے ذریعے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے جتنے معاملات سامنے آئے ہیں اس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ نشہ بازی اور منشیات فروشی میں بڑی پیمانے پر اضافہ ہو رہا ہے ۔
پولیس کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ گزشتہ پانچ برسوں میں ضلع کے اندر منشیات فروشی کے 306 معاملے اور گانجہ نوشی کے 235 معاملے درج ہوئے ۔ 165.02 کلو گرام گانجہ اور 2.648 کلو گرام چرس ضبط کیا گیا ۔ پولیس کے ذریعے ضبط کی گئی نشہ آور اشیاء کی مجموعی مالیت کا اندازہ 60,91,610 لگایا گیا ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران 180 افراد کو رنگے ہاتھوں نشہ کی حالت میں گرفتار کیا گیا ۔ سال 2021 میں نشہ بازی ملوث 12 افراد گرفتار ہوئے تھے ۔ 2023 میں 65 معاملے درج ہوئے گرفتار ہونے کی تعداد 100 ہوگئی ۔ جبکہ سال 2024 میں 52 معاملے درج ہوئے اور گرفتار ہونے والوں کی تعداد 80 ہوگئی ۔
تشویش کی بات یہ بھی ہے کہ ضلع اتر کنڑا میں سال 2020 سے 2023 تک صرف گانجہ ہی پولیس کے ہاتھ لگ رہا تھا ۔ لیکن اس کے بعد پولیس کارروائیوں کے دوران چرس اور ایم ڈی ایم اے کی گولیاں بھی ضبط کی جا رہی ہیں ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس کاروبار اور لت میں مبتلا افراد کے سماجی، تعلیمی، معاشی اور نفسیاتی زاویوں سے جائزہ لے رہی ہے اور اس اس صورتحال کے تدارک کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔