کاروار میں شاندار روڈ شو کے ساتھ کانگریسی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے داخل کیا پرچہ نامزدگی
کاروار 17 / اپریل (ایس او نیوز) اتر کنڑا لوک سبھا حلقے سے کانگریسی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے پارٹی کے سینیئر لیڈرو اور ہزاروں حامیوں کے ساتھ ایک زبردست روڈ شو کرتے ہوئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔
ناقابل برداشت گرمی کے باوجود بھٹکل سے منڈگوڈ تک ضلع کے مختلف مقامات کے علاوہ کتور خانہ پور تک سے ہزاروں کی تعداد میں کانگریس پارٹی کارکنان اور حامیوں نے کانگریس کے جھنڈے اٹھا کر ڈاکٹر انجلی کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے اس روڈ شو میں حصہ لیا ۔ روڈ شو شامل کانگریسی امیدوار ڈاکٹر انجلی اور دیگر سیںئر لیڈران کے علاوہ زیادہ تر شرکا کیسری شال اور پگڑیاں پہنے ہوئے تھے ، جس سے پورا ماحول زعفرانی لگ رہا تھا ۔
پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے قبل سدی ونائیک مندر میں پوجا کے بعد ہینجا نائک سرکل سے جلوس کا آغاز ہوا اور شہر کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا یہ جلوس امبیڈکر سرکل تک پہنچا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے کہا کہ کتور خانہ پور کے لوگوں نے اب تک بی جے پی کے رکن پارلیمان (اننت کمار ہیگڑے) کا فوٹو بھی نہیں دیکھا ہے ۔ پانچ سال رکن اسمبلی رہتے ہوئے میں نے رکن پارلیمان سے زیادہ ترقیاتی کام کیے ہیں ۔ اب آپ کی آواز پارلیمان میں اٹھانے کے لئے مجھے موقع دیجیے ۔ پارٹی کے کارکنان کو لوگوں کے گھروں تک پہنچ کر کانگریس کے اصولوں اور پالیسیوں کے بارے میں جانکاری دینا چاہیے ۔
اس موقع پر ودھان پریشد رکن بی کے ہری پرساد، سینئر کانگریسی لیڈر اور رکن اسمبلی آر وی دیشپانڈے، ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا، رکن اسمبلی بھیمنّا نائک وغیرہ نے بھی خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پالیسیوں کے خلاف عوامی مفاد کے لئے کانگریسی امیدوار کو ووٹ دینے کی اپیل کی ۔