ٹرمپ پر فائرنگ، بال بال بچے، ایک حامی ہلاک، 2 زخمی

Source: S.O. News Service | Published on 15th July 2024, 11:58 AM | عالمی خبریں |

واشنگٹن ، 15/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈٹرمپ سنیچر کی شام تقریباسوا ۶؍ بجے (ہندوستانی وقت کے مطابق اتوار کو علی الصباح) پینسلوینیا میں  انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں بال بال بچے۔ ایک ۲۰؍ سالہ نوجوان نے جلسہ گاہ کے قریب ایک عمارت کی چھت سے ان پر یکے بعد دیگرے کئی گولیاں داغیں جن میں سے ایک گولی ٹرمپ کے کان کو چھوکرگزر گئی۔ فائرنگ میں ریلی میں موجود ٹرمپ کے ایک حامی کی موت ہوگئی اور دیگر ۲؍ زخمی ہوگئے ہیں۔ ان کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ زخمیوں میں سے ایک ریپبلکن پارٹی کے رکن پارلیمان کا رشتہ دار ہے۔ ۷۸؍ سالہ ڈونالڈ ٹرمپ جو ریپبلکن پارٹی کی جانب سے ایک بار پھر صدارتی امیدواری کی دوڑ  میں  شامل ہیں، پر حملے کے بعد امریکہ میں داخلی سلامتی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ 

ڈونالڈ ٹرمپ پینسلوینیا کے بٹلر ٹاؤن میں پُر ہجوم انتخابی ریلی سے خطاب کررہے تھے کہ اچانک قریب ہی واقع ایک عمارت کی چھت سے فائرنگ شروع ہوگئی۔ ویڈیو میں  دیکھا جاسکتاہے کہ گولی کی آواز آتے ہی ٹرمپ اچانک چونک جاتے ہیں اور پھر اپنے کان کو پکڑ لیتے ہیں۔ اس بیچ بھیڑ میں  چیخ و پکار شروع ہوگئی اور کسی نے آوز لگائی کہ ’’بیٹھ جایئے، بیٹھ جایئے۔ ‘‘ ٹرمپ جھک گئے اور چند ہی سیکنڈ میں ان کی سیکوریٹی کے عملے کے جوانوں نے انہیں  اپنے گھیرے میں لے لیا۔ ‘‘ 

جلسہ گاہ میں  موجود سیکریٹ سروس کے جوانوں نے جوابی کارروائی میں  فوری طور پر حملہ آور کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بٹلر کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی رچرڈ گولڈنگر نے تصدیق کی کہ ’’مشتبہ بندوق بردار کو گولی مار دی گئی ہے۔ ‘‘ایف بی آئی نے اس کی شناخت ۲۰؍سالہ تھامس میتھیو کروکس کے طورپر کی ہے جو جلسہ گاہ سے کچھ ہی دوری پر واقع بیتھل پارک کا رہنے والاتھا۔ وہ ریپبلکن پارٹی سے ہی وابستہ تھا۔ اس نے ریپبلکن پارٹی کے ووٹر کے طور پر اپنا رجسٹریشن کروایا تھا۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ نوجوان نومبر میں  ہونے والے صدارتی الیکشن میں  پہلی بار ووٹ دیتا۔ ایف بی آئی خبر لکھے جانے تک حملے کے مقصد کا پتہ نہیں  لگا سکی تاہم اس نے اسے’’سابق صدر کو قتل کرنے کی سازش‘‘ قرار دیتے ہوئے جانچ شروع کردی ہے۔ بیتھل پارک میں  حملہ آور کی رہائش گاہ کا محاصرہ کرلیا گیا ہے۔ 

زخمی ہونے کے بعد ٹرمپ کو جب سیکریٹ سروس کے جوان اور ان کی سیکوریٹی کے اہلکار انہیں اپنے گھیرے میں لے کراسٹیج سے اتارنے لگے تو ٹرمپ کے کان سے خون بہہ رہاتھا مگر انہوں نے زخمی حالت میں بھی مکا لہراتے ہوئے ’’لڑیں گے۔ ‘‘ کا نعرہ دیا۔ انہیں  فوری طور پر پٹس برگ کے مقامی اسپتال لے جایاگیا۔ بعد میں  ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ‘ پر پوسٹ کیا کہ ’’یہ ناقابل یقین ہے کہ ہمارے ملک میں  ایسا ہو سکتاہے۔ مجھے گولی ماری گئی جو میرے کان کے اوپری حصے میں لگی ہے۔ ‘‘ 

 امریکی ایوانِ نمائندگان کے مرکزی تفتیشی بورڈ نے سابق صدور اور موجودہ صدر کی سیکوریٹی کی ذمہ دار امریکی خفیہ سروس کی ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل کو ٹرمپ پر حملے کے سلسلہ میں طلب کر لیا ہے۔ انہیں ۲۲؍ جولائی کی سماعت میں پیش ہوکر سیکوریٹی میں  کوتاہی سے متعلق جواب دینا ہوگا۔ مذکورہ کمیٹی نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا ہے کہ’’ہم ملک کے سابق صدر کے قتل کی کوشش کے بارے میں جواب چاہتے ہیں۔ ‘‘ حملے میں ٹیکساس کے ریپبلکن رکن پارلیمان رونی جیکسن کا بھتیجا بھی شدید زخمی ہوا ہے۔ جیکسن نے ’’فاکس نیوز‘‘ کو بتایا کہ ان کے بھتیجےکو گردن پر گولی لگی ہے۔ 

عینی شاہدین کے مطابق انہوں   نے حملہ آور کر جلسہ گاہ کے قریب ایک چھت سے دوسری چھت پر جاتے ہوئے دیکھا ہے۔ اس کے ہاتھ میں  بندوق تھی۔ یہ سوال پوری شدت سے کیا جا رہا ہے کہ غیر معمولی سیکوریٹی انتظامات کے باوجود حملہ آور ٹرمپ کے اتنے قریب پہنچ کر ان پر حملہ کرنے میں  کیسے کامیاب ہوگیا۔ ایف بی آئی کے اسپیشل ایجنٹ کیون روزیک نے نیوز کانفرنس میں اس کااعتراف کیا اور کہاکہ ’’یہ حیرت انگیز ہے کہ سیکرٹ سروس کے ذریعہ مارے جانے سے قبل بندوق بردار اسٹیج پر فائرنگ کرنے میں کامیاب کیسے ہوا۔ ‘‘ انہوں نے بتایا کہ ایف بی آئی تحقیقات کرے گی کہ یہ کیسے ہوا، لیکن ذمہ داری واضح طور پر سیکریٹ سروس پر عائد ہوتی ہے۔ 

سیکریٹ سروس کا ایک ہی کام ریاستہائے متحدہ امریکہ کے موجودہ اور سابق صدور کی حفاظت کرنا ہے اور وہ اس میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ 

حملے کے بعد جہاں ایک طرف امریکہ میں  داخلی سلامتی پر سوال اٹھ رہے ہیں وہیں دوسری طرف یہ بھی پوچھا جارہاہے کہ رائفل بردار شخص ریلی کے مقام کے قریب ایک گھر کی چھت پر کیسے پہنچا۔ وہ پوڈیم کی طرف ۴؍ گولیاں داغنے میں بھی کامیاب کیسے ہوگیا۔ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے بعد امریکی قومی سلامتی کو درپیش خطرات پر توجہ مرکوز ہو گئی ہے اور مختلف ریاستوں کی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکوریٹی انتظامات کو مزید سخت کر رہے ہیں۔ 

 نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نےاعلان کیا کہ اُنہوں نے نیویارک کے کچھ علاقوں   میں  پولیس کی نفری بڑھا دی ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک بیان میں ایڈمز نے کہا کہ ’’ جو کچھ پینسلوینیا میں ہوا وہ ہولناک تھا۔ سیاسی تشدد کی امریکہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ‘‘    

ایک نظر اس پر بھی

بنگلہ دیش کی جلاوطن سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری

بنگلہ دیشی عدالت نے بنگلہ دیش کی جلاوطن سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہے، جنہیں اگست میں ملک گیر طلبہ احتجاج کے بعد اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا، اس بات کی اطلاع خبر رساں ادارے اے ایف پی نے جمعرات کو دی۔

امریکہ: نیویارک اسٹاک ایکسچینج کے باہر جنگ مخالف مظاہرہ کرنے والے یہودیوں میں سے 200 افراد گرفتار

امریکہ کے نیویارک اسٹاک ایکسچینج کے باہر غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کے خلاف احتجاج کرنے والے 200 سے زائد یہودی مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ مظاہرین امریکہ سے اسرائیل کی غزہ پر جارحیت کی حمایت ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر کا تعلق "یہودی ...

اسرائیلی فوج کی غزہ کے جبالیہ کیمپ پر بمباری، 30 فلسطینی شہری ہلاک

اسرائیلی فورسز نے رات کی تاریکی میں غزہ کے جبالیہ کیمپ پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں 30 فلسطینی شہری جاں بحق ہو گئے۔ اس حملے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ علاقے میں جاری کشیدگی کے درمیان پیش آیا، جس نے مقامی آبادی میں مزید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

اسرائیل کی حزب اللہ کو ختم کرنے کی تیاری، آئی ڈی ایف نے لبنان کے متعدد علاقوں کو خالی کرایا، بڑی کارروائی کا خدشہ

اسرائیل نے غزہ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے، جہاں 40,000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ایک بڑا علاقہ برباد ہو چکا ہے۔ اسرائیلی حملے ابھی بھی جاری ہیں، اور جنوبی لبنان میں بھی صورت حال ایسی ہی ہے۔ اسرائیلی فوج نے کچھ دن قبل لبنان کے جنوبی حصے میں رہائش پذیر لوگوں کو اس علاقے کو ...

حزب اللہ کے اسرائیل پر 230 راکٹ حملے، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ

حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جب حزب اللہ نے لبنان کے جنوبی علاقوں سے اسرائیل پر تقریباً 230 راکٹ داغے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ان حملوں کے جواب میں اسرائیل نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر شدید فضائی اور زمینی کارروائیاں کیں تاکہ شمالی اسرائیل کے ...