ڈونالڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلی پر فائرنگ، سابق امریکی صدر زخمی

Source: S.O. News Service | Published on 14th July 2024, 11:18 AM | عالمی خبریں |

بٹلر، 14/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلی پر فائرنگ ہوئی ہے جس میں وہ زخمی ہو گئے ہیں۔ وہ پنسلوانیا کے بٹلر شہر میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے لیے پہنچے تھے جب وہاں فائرنگ شروع ہو گئی۔ اس حملے میں سابق صدر زخمی ہوئے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ان کے چہرے پر خون نظر آ رہا تھا۔ سیکیورٹی والوں نے انہیں فوراً بحفاظت اسٹیج سے نیچے اتارا۔

ڈونالڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلی میں فائرنگ کے بعد ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں ٹرمپ کے کان کے قریب سے خون نکلتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دوران سیکرٹ سروس کے اہلکار نے  انہیں بحفاظت اسٹیج سے نیچےاتارا۔ ٹرمپ کے ترجمان نے کہا، "ڈونالڈ ٹرمپ نے اس گھناؤنے حملے کے دوران فوری کارروائی کرنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ایک مقامی طبی سہولت میں ان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔"

بٹلر کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی رچرڈ اے گولڈنگر نے کہا کہ حملہ کرنے والا شخص مارا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی جلسے میں موجود ایک شخص کی موت ہو گئی ہے اور دوسرےشخص  کی بھی حالت نازک ہے۔ واقعے کے بارے میں بریفنگ دینے والے حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کو قتل کی ممکنہ کوشش کے طور پر تفتیش کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ بظاہر یہ گولیاں سیکیورٹی کے دائرے کے باہر سے چلائی گئیں۔

سابق صدر کے بیٹے ڈونالڈ ٹرمپ جونیئر نے اے بی سی نیوز کو بتایا کہ ان کی والد سے بات ہوئی ہے۔ وہ اب بھی ہسپتال میں ہیں۔ ٹرمپ جونیئر نے کہا کہ ان کے والد کی قوت ارادی بہت مضبوط ہے، فی الحال وہ نگرانی میں ہیں۔ جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہد اور امریکی سینیٹ کے لیے انتخاب لڑنے والے ڈیو میک کارمک نے بتایا کہ وہ ریلی کی اگلی صف میں بیٹھے تھے جب سات یا آٹھ راؤنڈ گولیاں چلائی گئیں۔ لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی اور سب زمین پر لیٹ گئے۔

ڈونالڈ ٹرمپ پنسلوانیا کے بٹلر شہر میں انتخابی ریلی سے خطاب کے لیے پہنچے تھے۔ وہ ریپبلکن پارٹی کی طرف سے صدارتی امیدوار ہیں۔ مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے ٹرمپ نے اپنی تقریر شروع کی تو گولیوں کی آوازیں آنے لگیں۔ یہ سنتے ہی ٹرمپ کی سیکیورٹی پر مامور سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے فوری ایکشن لیا اور انہیں گھیرے میں لے لیا۔ اس کے بعد ٹرمپ کو حفاظتی حصار بنا کر اسٹیج سے نیچے لایا گیا۔ پھر انہیں فوراً گاڑی میں بٹھا دیا گیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے ٹرمپ کی ریلی پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا، " تشدد کی امریکہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ یہ ایک پریشان کن واقعہ ہے۔ یہ ان چند وجوہات میں سے ایک ہے جس کی وجہ سے ملک کو اکٹھا ہونا چاہیے۔ ہم ایسا نہیں ہونے دے سکتے۔ ہم لوگ ایسے نہیں ہو سکتے، ہم یہ معاف نہیں کر سکتے ۔‘‘

ایک نظر اس پر بھی

بنگلہ دیش کی جلاوطن سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری

بنگلہ دیشی عدالت نے بنگلہ دیش کی جلاوطن سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہے، جنہیں اگست میں ملک گیر طلبہ احتجاج کے بعد اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا، اس بات کی اطلاع خبر رساں ادارے اے ایف پی نے جمعرات کو دی۔

امریکہ: نیویارک اسٹاک ایکسچینج کے باہر جنگ مخالف مظاہرہ کرنے والے یہودیوں میں سے 200 افراد گرفتار

امریکہ کے نیویارک اسٹاک ایکسچینج کے باہر غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کے خلاف احتجاج کرنے والے 200 سے زائد یہودی مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ مظاہرین امریکہ سے اسرائیل کی غزہ پر جارحیت کی حمایت ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر کا تعلق "یہودی ...

اسرائیلی فوج کی غزہ کے جبالیہ کیمپ پر بمباری، 30 فلسطینی شہری ہلاک

اسرائیلی فورسز نے رات کی تاریکی میں غزہ کے جبالیہ کیمپ پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں 30 فلسطینی شہری جاں بحق ہو گئے۔ اس حملے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ علاقے میں جاری کشیدگی کے درمیان پیش آیا، جس نے مقامی آبادی میں مزید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

اسرائیل کی حزب اللہ کو ختم کرنے کی تیاری، آئی ڈی ایف نے لبنان کے متعدد علاقوں کو خالی کرایا، بڑی کارروائی کا خدشہ

اسرائیل نے غزہ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے، جہاں 40,000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ایک بڑا علاقہ برباد ہو چکا ہے۔ اسرائیلی حملے ابھی بھی جاری ہیں، اور جنوبی لبنان میں بھی صورت حال ایسی ہی ہے۔ اسرائیلی فوج نے کچھ دن قبل لبنان کے جنوبی حصے میں رہائش پذیر لوگوں کو اس علاقے کو ...

حزب اللہ کے اسرائیل پر 230 راکٹ حملے، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ

حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جب حزب اللہ نے لبنان کے جنوبی علاقوں سے اسرائیل پر تقریباً 230 راکٹ داغے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ان حملوں کے جواب میں اسرائیل نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر شدید فضائی اور زمینی کارروائیاں کیں تاکہ شمالی اسرائیل کے ...