دہلی: فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث سرکاری دفاتر کے اوقات میں تبدیلی کا فیصلہ
نئی دہلی، 16/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی میں بڑھتی فضائی آلودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے، وزیر اعلیٰ آتشی نے جمعہ کے روز راجدھانی میں سرکاری دفاتر کے نئے اوقات کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد گاڑیوں سے پیدا ہونے والی آلودگی پر قابو پانا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اس فیصلے کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کی بھیڑ اور اس سے ہونے والی آلودگی کو کم کرنے کے لیے سرکاری دفاتر کے اوقات میں تبدیلی کی جائے گی، جس کے تحت دہلی کے مختلف علاقوں میں دفاتر کے اوقات مختلف ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں جانکاری دی ہے کہ دہلی میونسپل کارپوریشن دفاتر کی ٹائمنگ صبح 8.30 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی، جبکہ مرکزی حکومت کے دفاتر کی ٹائمنگ صبح 9 بجے سے شام 5.30 بجے تک اور دہلی حکومت کے دفاتر کی ٹائمنگ صبح 10 بجے سے شام 6.30 بجے تک ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی میں لگاتار فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس بڑھتی آلودگی کے پیش نظر جمعہ کی صبح 8 بجے سے راجدھانی میں گریپ کا اسٹیج 3 نافذ کر دیا گیا ہے۔ فضائی آلودگی پر لگام لگانے کے لیے کئی اصول بھی بنائے گئے ہیں۔ دہلی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ راجدھانی خطہ دہلی میں 106 اضافی کلسٹر بسیں چلائی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ہی زیادہ میٹرو ٹرینیں بھی چلائی جائیں گی۔ میٹرو روزانہ کے مقابلے تقریباً 60 اضافی چکر لگائے گی۔