دہلی کی فضائی حالت میں بہتری، اے کیو آئی 200 سے نیچے گرنے پر راحت
نئی دہلی، 4/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دسمبر کے آغاز کے ساتھ دہلی-این سی آر کے باشندوں کو فضائی آلودگی میں کمی سے خاصی راحت محسوس ہو رہی ہے۔ بدھ کے روز مسلسل چوتھے دن راجدھانی کی ہوا کے معیار میں بہتری درج کی گئی۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق، صبح 7 بجے انڈیا گیٹ علاقے میں ایئر کوالیٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 169 ریکارڈ کیا گیا، جو درمیانے زمرے میں آتا ہے۔ اس دوران علاقے کا درجہ حرارت 13.05 ڈگری سیلسیس درج ہوا۔
دہلی کے علاقوں میں ہوا کے معیار کی بات کی جائے تو یہاں آنند وِہار میں اے کیو آئی 250، علی پور میں 198، آیا نگر میں 164، چاندنی چوک میں 187، دوارکا سیکٹر-8 میں 248، آئی ٹی او میں 169، جہانگیر پوری میں 259 درج کیا گیا۔ وہیں غازی آباد کے اندرا پورم میں اے کیو آئی 125، وسندھرا میں 114 اور نوئیڈا سیکٹر-62 میں 158 ریکارڈ کیا گیا۔
واضح ہو کہ منگل کو بھی دہلی والوں کو آلودہ ہوا سے راحت رہی۔ اس دن دہلی کا اے کیو آئی 'خراب' زمرے میں 268 درج کیا گیا تھا جو کہ پیر کو 280 تھا یعنی 24 گھنٹے کے اندر اس میں 12 پوائنٹس کی کمی اور سدھار ہوا۔ ایئر کوالیٹی وارننگ سسٹم کے مطابق منگل کو سطحی ہوا ہلکی تھی۔ شام تک ہوا کی رفتار 16 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم تھی جس کے بعد شمال-مشرق سمت سے آنے والی ہوا کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم ہونے کی امید ہے۔
ویسے دہلی والوں کو گریپ-4 سے فی الحال راحت ملنے کا امکان کم نظر آ رہا ہے کیونکہ پیر کو دہلی کی فضائی آلودگی پر سپریم کورٹ نے تلخ تبصرہ کیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے گریڈیڈ ریسپانس ایکشن پلان (گریپ) کے مرحلہ 4 کے تحت فضائی آلودگی کے خلاف سخت پابندیوں میں نرمی دینے سے انکار کر دیا۔