سمندری طوفان منڈوس کی وجہ سے15 دسمبر تک شدید بارش کی پیش گوئی
نئی دہلی، 12؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے اپنے تازہ ترین بلیٹن میں کہا کہ اگرچہ طوفانِ مینڈوس نے نسبتاً کم اثر ڈالا، لیکن اس کی باقیات سے کئی جنوبی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 15 دسمبر بروز جمعرات تک بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مطلع کیا کہ طوفان ہفتے کے روز ایک گہرے ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے۔ اس کے باوجود اس نے جنوبی ریاست میں چار لوگوں کی جانیں لے لی اور بڑے پیمانے پر پانی جمع ہوا اور درخت، خس و خاشاک کی طرح بہہ گئے۔ طوفانِ مینڈوس 75 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا کے ساتھ تامل ناڈو کے ساحل کو عبور کرتے ہوئے جمعہ کی رات کو لینڈ فال کیا۔
آئی ایم ڈی کے تازہ ترین بلیٹن کے مطابق طوفان کی گردش فی الحال شمالی اندرونی تامل ناڈو اور ملحقہ جنوبی اندرونی کرناٹک اور شمالی کیرالہ پر ہے۔ یہ شمال کیرالہ-کرناٹک کے ساحل سے جنوب مشرق اور ملحقہ مشرقی وسطی بحیرہ عرب میں ابھرنے کا امکان ہے۔ اس کے زیر اثر 13 دسمبر کو اسی علاقے میں ایک نیا کم دباؤ والا علاقہ بننے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
آئی ایم ڈی نے طوفانی موسم کی پیشن گوئی کے ساتھ سمندری انتباہ جاری کیا ہے۔ ہوا کی رفتار 35 تا 45 کلومیٹر فی گھنٹہ اور 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک چل رہی ہے۔ جنوب مشرق اور اس سے ملحقہ مشرقی وسطی بحیرہ عرب میں اور دسمبر کو کیرالہ-کرناٹک کے ساحل کے ساتھ 12 اور 13 دسمبر کو اس کے اثرات محسوس کیے جائیں گے۔
تامل ناڈو، جنوبی اندرونی کرناٹک اور جنوبی ساحلی آندھرا پردیش میں رات کے باقی حصے میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 12 اور 13 دسمبر کو کیرالہ اور مہے میں بھی یہی موسم رہنے کا امکان ہے۔ اس کے بعد بارش میں کمی آئے گی۔
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں سے کہا ہے کہ وہ 12 سے 15 دسمبر کے درمیان کیرالہ-کرناٹک کے ساحل اور بحیرہ عرب میں نہ جانے دیں۔
13 دسمبر کو جنوبی بحیرہ انڈمان میں ایک اور طوفان کی گردش متوقع ہے اور اس کے زیر اثر 14 اور 15 دسمبر کو انڈمان اور نکوبار جزائر پر بھاری بارش کے ساتھ طوفن کا امکان ہے۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے متعلقہ علاقوں کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ’حفاظت خود اختیاری‘ پر عمل کریں۔ خطرناک جگہوں پر نہ جائیں اور سمندری سفر کو معطل کردیں۔