ساحلی کرناٹکا میں طوفان فینگل کی آمد: دکشن کنڑا اور اُڈپی میں بھاری بارش کی وارننگ؛ دونوں اضلاع میں منگل کو تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 2nd December 2024, 8:26 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل، 2 دسمبر (ایس او نیوز): چینائی سے ہوتے ہوئے بینگلور اور کیرالہ تک پہنچنے والے طوفان فینگل کے ساحلی کرناٹکا کی طرف رخ کرنے کے باعث دکشن کنڑا اور اُڈپی اضلاع میں منگل 3 دسمبر کو اورینج الرٹ کے ساتھ بھاری بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے، دکشن کنڑا کے ڈپٹی کمشنر، مُلّائی مہیلن، اور اُڈپی کی ڈپٹی کمشنر، ڈاکٹر کے ویدیا کماری نے دونوں اضلاع میں تمام اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، طوفان فینگل کے باعث منگل کو شدید بارش کی توقع ہے، جس کی وجہ سے حکام نے حفاظتی تدابیر کے طور پر تعلیمی اداروں میں تعطیل کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈی سی کے دفتر سے جاری کردہ نوٹس میں بتایا گیا  ہےکہ اسکولوں اور کالجوں کی تعطیل کا فیصلہ موجودہ موسمی صورت حال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ 3 دسمبر کو تمام آنگن واڑی مراکز، سرکاری، امداد یافتہ، اور نجی پرائمری اور ہائی اسکولوں کے ساتھ ساتھ پری یونیورسٹی کالجز (کلاس 12 تک) بند رہیں گے۔

بتاتے چلیں کہ پڑوسی ریاست کیرالہ میں آج دوپہر سے شدید بارش جاری ہے، جبکہ مینگلور میں شام کو بادلوں کی گرج اور بجلیوں کی چمک کے ساتھ اچھی خاصی بارش کے بعد اب اُڈپی میں بھی زوردار بارش شروع ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ اسی طرح، بھٹکل اور اُترکنڑا میں آج پیر شام سے ہلکی بونداباندی ہو رہی ہے، البتہ آسمان ابرآلود ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ بھٹکل  سمیت اُترکنڑا میں بدھ 4 ڈسمبر کو اچھی خاصی بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اُدھر پڑوسی ضلع چکمنگلور اور کورگ میں بھی کل منگل کو زوردار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔اس کے علاوہ، مسلسل بارش کے پیش نظر، کولار، چکبالاپور، چا مراج  نگر اور میسور اضلاع میں  آج  2 دسمبر کو اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل دی گئی تھی جبکہ کل 3 دسمبر کو اُڈپی، دکشن کنڑا، میسور، کوڈاگو، رام نگر اور چامراج   نگر میں تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بنگلور اربن، بنگلور رورل،  ٹمکوراور دیگر اضلاع میں معتدل بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

دکشن کنڑا میں فینگل طوفان کے اثرات : زبردست بارش کی وجہ سے مختلف مقامات پر ہوئے نقصانات

تمل نا ناڈو میں آئے ہوئے طوفان فینگل کی وجہ سے دکشن کنڑا ضلع میں زبردست بارش ہوئی جس سے مختلف مقامات پر بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے ۔ حالانکہ کل دوپہر کے بعد سے بارش کی شدت  کم ہوگئی ہے لیکن اس کا اثر متعدد علاقوں میں محسوس ہوا ۔