طوفان فینگل کا اثر : دکشن کنڑا اور اڈپی میں زوردار بارش

Source: S.O. News Service | Published on 3rd December 2024, 1:31 PM | ساحلی خبریں |

منگلورو، 3/ دسمبر (ایس او نیوز) دکشن کنڑا اور اڈپی ضلع میں فینگل طوفان کی وجہ سے مختلف مقامات پر کل دوپہر سے تیز برسات شروع ہوئی، جو رات بھر برستی رہے اور یہ سلسلہ آج صبح بھی جاری ہے۔
    
منگلورو کے کوٹارا چوکی، پی وی ایس سرکل، پمپ ویل، بجوڈی، بجال انڈر پاس اور پڈیل جیسے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے سیلاب کی کیفیت پیدا ہوئی جو ٹریفک میں خلل کا سبب بن گئی۔ 
    
سائیکلون فینگل کی آمد کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے پہلے ہی ان دو اضلاع کے لئے منگل کی صبح تک کے لئے آرینج الرٹ اور اس کے بعد ایلو الرٹ جاری کیا تھا۔ ماہی گیروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سمندری موجوں میں اچھال کے پیش نظر 6 دسمبر تک سمندر میں اترنے سے باز رہیں۔ اس کے علاوہ ان دونوں اضلاع کے ساحلوں پر سیاحوں کے جانے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔  جبکہ ضلع انتظامیہ کی طرف سے اسکولوں اور پی یو کالجوں کے لئے آج چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
    
الال میں ایک مکان خراب موسم کی وجہ سے پیدا ہونے والے سمندری موجوں میں  اچھال کی زد میں آگیا جس سے کافی نقصان پہنچا۔ بولیار میں پہاڑی  کھسکنے کی وجہ سے ایک مکان کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ تھوکٹو میں پانی کے گھسنے کی وجہ سے ایک لکڑی کے مل کو نقصان پہنچا۔ فلنیر کے پاس صبح 3.30 بجے ایک مکان کے کمپاونڈ کی دیوار گر گئی جس کے بعد گھر میں موجود ایک عمر رسیدہ خاتون کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
    
معلوم ہوا ہے کہ اچانک زوردار بارش شروع ہونے کی وجہ سے بہت سی شادیوں کی تقریبات اور تفریحی پروگرام منسوخ کر دئے گئے ۔ چاول کے کھیتوں اور سپاری کی فصلوں کے لئے غیر متوقع  بارش کی وجہ سے نقصان کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے ۔ 
    
اڈپی ضلع کے بیندور، کنداپور، ہیبری، کارکلا، کوٹا، گنگولی، سالیگرام، اوپور، برہماور، ہیریڈکا، کاوپ، کٹپاڈی، پڈوبیدری، ماچاکل جیسے علاقوں میں شدید بارش اور کئی علاقوں میں بجلی کی سربراہی میں بار بار خلل پیدا ہونےکی رپورٹ ملی ہے۔ خراب سمندری موسم کی وجہ سے تقریباً تمام ماہی گیر کشتیوں کو ملپے بندرگاہ پر لنگر انداز کر دیا گیا ہے۔ 
    
محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں مزید بارش ہونے کی پیشین گوئی کی ہے۔ 

ایک نظر اس پر بھی

دکشن کنڑا میں فینگل طوفان کے اثرات : زبردست بارش کی وجہ سے مختلف مقامات پر ہوئے نقصانات

تمل نا ناڈو میں آئے ہوئے طوفان فینگل کی وجہ سے دکشن کنڑا ضلع میں زبردست بارش ہوئی جس سے مختلف مقامات پر بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے ۔ حالانکہ کل دوپہر کے بعد سے بارش کی شدت  کم ہوگئی ہے لیکن اس کا اثر متعدد علاقوں میں محسوس ہوا ۔

سائیکلون فنگل کے اثرات: کیرالہ کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارش جاری، کاسرگوڈ اور کنور میں ریڈ الرٹ

کیرالہ کے مختلف علاقوں میں آج منگل کو بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے پیش نظر آج، منگل، کاسرگوڈ، تھرسور، الاپوزہ اور مالاپورم کے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔