دکشن کنڑا میں فینگل طوفان کے اثرات : زبردست بارش کی وجہ سے مختلف مقامات پر ہوئے نقصانات

Source: S.O. News Service | Published on 4th December 2024, 12:38 PM | ساحلی خبریں |

منگلورو،  4 /دسمبر (ایس او نیوز) تمل نا ناڈو میں آئے ہوئے طوفان فینگل کی وجہ سے دکشن کنڑا ضلع میں زبردست بارش ہوئی جس سے مختلف مقامات پر بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے ۔ حالانکہ کل دوپہر کے بعد سے بارش کی شدت  کم ہوگئی ہے لیکن اس کا اثر متعدد علاقوں میں محسوس ہوا ۔

خیال رہے کہ موسم کی متوقع تبدیلی اور خرابی کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر ضلع میں آنگن واڑی مراکز، اسکولوں اور پی یو کالجوں کو منگل کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ 
    
گھروں میں پانی گھس گیا :کل تک ہوئی زوردار بارش کے بعد منگلورو شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانے اور برساتی سیلاب کا پانی گھروں اور دکانوں میں گھسنے اور کمپاؤنڈ کی دیواریں گرنے سے رہائشیوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر کے ٹی ایم اے پائی ہال کے قریب کوڈیال بیل، بھگوتی نگر روڈ، کوڈیال گٹو روڈ، کوٹارا، کوٹارہ چوکی، اور مالیمار جیسے علاقوں میں پانی بھرنے سے عوام کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ بیجئی، کرنگل پاڑی، جاپو اور دیگر مقامات پر بھی املاک کو نقصان پہنچا ۔ کوڈیال گٹو میں برساتی پانی کے نالے کے ساتھ بنی ہوئی ایک دیوار گر گئی ۔ جبکہ بنٹوال تعلقہ کے ارال گاؤں میں ایک مکان کو نقصان پہنچا ۔ 
    
زمین کھسکنے کا واقعہ :تیز برسات کی وجہ سے بجپے - اڈیاپڈی سڑک پر زمین کھسکنے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں  بجپے - اڈیاپڈی سڑک کا رابطہ منقطع ہوگیا ۔ مقامی عوام نے اس کے لئے ایئر پورٹ حکام کو مورد الزام ٹھہرایا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ حکام کی غلطی اور غفلت کی وجہ سے  ایئر پورٹ سے بہنے والا پانی اور کیچڑ نشیبی علاقے میں بسنے والوں کے آنگن میں جمع ہو گیا ۔ تیز ہواوں کی وجہ سے بجلی کے کھمبے بھی زمین بوس ہوگئے جس سے عوام کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
    
درخت اکھڑ گئے ، کشتیاں بہہ گئیں :    منگلورو بندرگاہ پر تیز ہواؤں کی وجہ سے پیر کی رات لنگر انداز کی گئی ماہی گیری کی کشتیاں بہہ گئیں ۔ ارنتھوڈو کے پیراجے جنکشن پر، تیز آندھی اور بارش نے ایک آٹو اسٹینڈ کو نقصان پہنچایا، جس سے آٹو رکشہ ڈرائیوروں کو اپنی گاڑیاں سڑک کے کنارے کھڑی کرنے پر مجبور ہونا پڑا ۔

موڈبیدری میں پیر کو تیز ہواؤں کی وجہ سے پلاڈکا کے رام موہن نگر کالونی میں لیلا شیٹی کے گھر پر ایک بڑا درخت گر گیا۔ مکان کو شدید نقصان پہنچا ۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر گرے ہوئے درخت کو ہٹانے میں مدد کی ۔ کڈنڈلے گاؤں میں، ایک ناریل کے درخت پر آسمانی بجلی گرنے سے ہوناما گودتی کے گھر اور اس کے برقی آلات کو نقصان پہنچا ۔

پتور میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے بنٹوال تعلقہ کے ارال گاؤں کے کنڈادبیٹو میں رادھا کے گھر کی دیوار گر گئی۔ کھپریل کی چھت اور پتھر کی اینٹوں کی دیواریں جزوی طور پر تباہ ہوگئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ 

محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے، حکام کو ساحل کے ساتھ ہائی الرٹ وارننگ جاری کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
    
ہائی وے کا حصہ دھنس گیا :موسلا دھار برسات کے نتیجے میں کُلورو کے پاس منگلورو - اڈپی ہائی وے کا ایک حصہ دھنس گیا جو ٹریفک اور عام راہگیروں کے لئے خطرے کی گھنٹی بن گیا ۔ عوام کا الزام ہے کہ قدرتی گیس سپلائی کرنے والی کمپنی گیس اتھاریٹی آف انڈیا لمیٹیڈ (GAIL) کی طرف سے کی گئی کھدائی کی وجہ سے اس جگہ ہائی وے دھنسنے کا واقعہ پیش آیا ہے ۔ کہتے ہیں کہ گیل کمپنی نے سڑک کنارے گہری کھدائی کی تھی جس میں برسات کا پانی جمع ہوگیا اور پھر سڑک کا حصہ اندر کی طرف دھنس گیا ۔ جس وقت یہ معاملہ پیش آیا اس وقت سڑک پر بائکس، کاریں اور ٹرکس کی آمد و رفت جاری تھی ۔ مگر خوش قسمتی کوئی بڑا حادثہ نہیں ہوا ۔
    
عوام کا کہنا ہے کہ چونکہ سڑک کا حصہ زمین کے اندر دھنسنے کے بعد بھی یہاں بھاری موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت جاری رکھی گئی ہے ، اس سے ہائی وے کا مزید حصہ زمین کے اندر دھنسنے کا خطرہ منڈلا رہا ہے ۔ 

ایک نظر اس پر بھی

سائیکلون فنگل کے اثرات: کیرالہ کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارش جاری، کاسرگوڈ اور کنور میں ریڈ الرٹ

کیرالہ کے مختلف علاقوں میں آج منگل کو بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے پیش نظر آج، منگل، کاسرگوڈ، تھرسور، الاپوزہ اور مالاپورم کے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔