بھٹکل سڑک حادثے میں دو شدید زخمی؛ اُڈپی اسپتال منتقل
بھٹکل 8/ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل رنگین کٹہ نیشنل ہائی وے پر پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں ایک میاں بیوی شدید زخمی ہوگئے، دونوں کو بھٹکل کے پرائیویٹ اسپتال میں طبی امداد پہنچانے کے بعد اُڈپی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ حادثہ جمعرات دیر شب قریب 9:45 بجے پیش آیا۔ زخمیوں کی شناخت ابوبکر مسجد کے قریب، جامعہ آباد روڈ کے رہائشی محمد رفیق (65) اور ان کی اہلیہ فیروزہ محمد رفیق (57) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
پتہ چلا ہے کہ دونوں بھٹکل بازار سے ضروری خریداری کے بعد ایکٹیوا پر سوار واپس اپنے گھر لوٹ رہے تھے کہ رنگین کٹہ نیشنل ہائی وے پر ان کی اسکوٹر کا توازن بگڑ گیا اور وہ نیچے گرپڑے۔ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ کوئی سواری غالباً ہلکے سے ان کی اسکوٹر کو چھوکر نکلی ہوگی جس کی وجہ سے توازن بگڑا ہوگا، البتہ بعض عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ رات کو ہوئی بارش کی وجہ سے ان کی اسکوٹی سڑک پر پھسل گئی جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔
حادثے کے فوری بعد جائے وقوع پر کافی لوگ جمع ہوگئے جن میں سے بعض لوگوں نے دونوں زخمیوں کو قریبی پرائیویٹ اسپتال منتقل کیا، جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد دونوں کو شدید زخمی حالت میں اُڈپی کے پرائیویٹ اسپتال شفٹ کیا گیا ۔ پتہ چلا ہے کہ محمد رفیق کی حالت قدرے بہتر ہے، البتہ ان کی اہلیہ کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ گھر والوں نے دونوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاوں کی درخواست کی ہے۔
بتاتے چلیں کہ دبئی میں رہنے والے محمد رفیق حال ہی میں اپنی بیٹی کی شادی کے لیے بھٹکل آئے تھے، جو تقریباً 20 دن پہلے ہوئی تھی۔
Couple critically injured in Bhatkal road accident; Rushed to Udupi hospital