جدہ میں منعقدہ کوکنگ مقابلے میں بھٹکلی خواتین نے جیتا اول ، دوم اور سوم تینوں انعام
جدہ 30 اکتوبر (ایس او نیوز) سعودی عربیہ کے شہر جدہ میں منعقدہ کوکنگ مقابلے میں بھٹکلی خواتین نے شاندار طریقہ پر اول، دوم اور سوم تینوں انعامات جیتنے میں کامیاب ہوگئیں ہیں۔
بھٹکل کمیونٹی جدہ کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کوکنگ کے مقابلے جدہ کونسلیٹ میں انڈین فریٹرنیٹی فورم کے زیر اہتمام منعقدہ کئے گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کی آزادی کا 75 واں جشن مناتے ہوئے انڈین فوڈ اینڈ ڈیسرٹ کنٹیسٹIndian food and Dessert contest کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جس میں 40 لوگوں نے حصہ لیا تھا، ان 40 میں آٹھ لوگ بھٹکل سے تھے۔
پکوان کے ان مقابلوں میں باسمہ محتشم زوجہ عبدالملک ائیکری نے اول انعام حاصل کیا، انعم بنت ریحان کوبٹے نے ددم انعام اور مُنتزہ جی ایم زوجہ عُبیداللہ عسکری نے سوم انعام حاصل کرتے ہوئے جدہ میں رہائش پذیر انڈین لوگوں میں بھٹکل کا نام روشن کردیا ہے۔ پکوان مقابلوں میں جج کے فرائض جدہ کے معروف ہیلٹن ہوٹل کے باورچی مسٹر انل نے انجام دئے تھے۔ مہمان خصوصی کے طور پر تشریف فرما ہندوستانی قونصل جنرل محمد شاہد عالم کے ہاتھوں انعامات تقسیم کئے گئے۔
پریس ریلیز میں اس بات کی بھی جانکاری دی گئی ہے کہ پکوان مقابلے کے موقع پر ایک کوئز مقابلہ بھی رکھا گیا تھا جس میں بھٹکل کے حفظ الرحمن مُنیری سوم انعام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔
بھٹکلی اراکین کی اس اہم کامیابی پر بھٹکل کمیونٹی جدہ کے صدر جناب عبدالسلام دامدا ابو اور جنرل سکریٹری مُعیز جوکاکو سمیت جماعت کے دیگر اراکین نے نہایت خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تمام کامیاب لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔