کرناٹک ضمنی انتخابات میں کانگریس کی شاندار جیت، جے ڈی ایس اور بی جے پی کا گڑھ سمجھے جانے والے حلقوں میں بھی کانگریس نے درج کی جیت

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 23rd November 2024, 3:29 PM | ریاستی خبریں |

بھٹکل 23/نومبر (ایس او نیوز): کرناٹک میں حکمراں کانگریس نے حالیہ ضمنی انتخابات میں تینوں نشستوں، چن پٹن، شیگاوں اور سندور، پر شاندار کامیابی حاصل کی ہے اور اپنی اکثریت کو مزید مضبوط کیا ہے۔

13 نومبر کو منعقد ہونے والے ان انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی-جے ڈی ایس اتحاد کے درمیان سیدھا مقابلہ ہوا۔ کانگریس نے چن پٹن کو جے ڈی ایس سے اور شیگاوں کو بی جے پی سے چھین لیا، جبکہ سندور  میں اپنی سیٹ کو برقرار رکھا۔ یہ نشستیں اس وقت خالی ہوئیں تھیں  جب ان  حلقوں کے 2023 کے اسمبلی فاتحین نے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کے لیے استعفیٰ دیا تھا۔

چن پٹن میں جے ڈی ایس نے سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارا سوامی کے بیٹے نکھیل کمارا سوامی کو این ڈی اے امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا، لیکن کانگریس کے تجربہ کار رہنما سی پی یوگیشور نے چن پٹن  میں  جے ڈی ایس سے اُن کی سیٹ کو چھیننے میں  کامیابی حاصل کرلی اور جیت  گئے۔ شیگاوں میں، سابق وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی کے بیٹے بھارت بومئی، کانگریس کے یاسر احمد خان سے شکست کھا گئے۔ اسی طرح سندور میں، کانگریس کی امیدوار ای اناّپورنا، جو سابق ایم ایل اے ای تکارام کی اہلیہ ہیں، نے بی جے پی کے بنگارُو ہنومانتھو کو شکست دی۔

کرناٹک کانگریس کے صدر اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے   اس جیت کے بعد بینگلور اخبارنویسوں سےگفتگو کرتے ہوئے  اس جیت کو پارٹی کی ترقیاتی پالیسیوں اور وزیر اعلیٰ سدارامیا کی قیادت کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں کانگریس کی تعداد 136 سے بڑھ کر اب  138 ہوگئی ہے اور یہ نتائج 2028 کے اسمبلی انتخابات کے لیے ایک پیش خیمہ  ثابت ہونے والے ہیں۔

شیوکمار نے کہا کہ کانگریس نے عوام کی فلاح کے لیے 56,000 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، جس میں ہر حلقے کو 225-250 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ سندور میں بی جے پی کے 30,000 ووٹوں کی برتری کو کانگریس کے 14,000 ووٹوں کی سبقت میں بدلنا عوامی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے اپوزیشن کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے غلط پروپیگنڈے اور جذباتی سیاست کو مسترد کر دیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ سیاست کو عوام کی زندگیوں اور روزگار پر مرکوز ہونا چاہیے۔

بھٹکل میں کانگریس کارکنوں کا جشن: کرناٹک کے تینوں اسمبلی حلقوں میں  ہوئے ضمنی انتخابات میں کانگریس کی شاندار جیت پر  بھٹکل شمس الدین سرکل پر  کانگریس کے کارکنوں اور حمایتیوں نے جشن مناتے ہوئے  پٹاخے پھوڑے۔ اس موقع پر کانگریس کے صدر پرمیشور نائک، جنرل سکریٹری سریش نائک، عبدالمجید اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ یاد رہے کہ تینوں اسمبلی حلقوں میں  انتخابی پرچار کے لئے بھٹکل سے بھی کانگریسی لیڈران   شریک ہوئے تھے اور گھر گھر جاکر پرچار کیا تھا۔ بالخصوص شیگاوں میں جسے بی جے پی کا گڑھ سمجھا جاتا تھا، بھٹکل سے عنایت اللہ شاہ بندری  شیگاوں پہنچ کر گھر گھر پرچار سمیت انتخابی ریلیوں میں بھی شریک ہوئے تھے اور  عوام الناس سے کانگریس کو جیت دلانے کی اپیل کی تھی۔

For report in English, click here

ایک نظر اس پر بھی

کرناٹک میں نکاح ناموں کا مسئلہ:   عدلیہ، حکومت اور برادری کی کشمکش۔۔۔۔۔۔۔از: عبدالحلیم منصور

کرناٹک ہائی کورٹ نے حالیہ معاملے میں ریاستی وقف بورڈ کو نکاح نامے جاری کرنے کے اختیارات پر سوال اٹھاتے ہوئے ایک اہم قانونی اور سماجی بحث چھیڑ دی ہے۔ یہ مسئلہ نہ صرف مسلم برادری کے شرعی و قانونی معاملات پر اثرانداز ہو سکتا ہے بلکہ حکومت اور عدلیہ کے دائرہ کار پر بھی سوالات ...

بھٹکل : ماہی گیروں کے لئے ریلیف فنڈ کی رقم بڑھا کر 10 لاکھ روپئے - 'مچھلی میلہ' پروگرام کی افتتاحی تقریب میں ڈی کے شیوکمار نے کیا ماہی گیروں کے لئے نئے منصوبوں کا اعلان

عالمی یوم ماہی گیری کے موقع پر مرڈیشور کے گولف ریسارٹ میں منعقدہ مچھلی میلہ 2024 کا افتتاح کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے اعلان کیا کہ مصائب کا شکار ہونے والے ماہی گیروں کی راحت رسانی کے لئے جو 'ڈسٹریس ریلیف فنڈ' ہے اس میں معاوضہ کی رقم 8 لاکھ روپے سے بڑھا کر اب 10 دس ...

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا23- 24 نومبر کو بنگلورو میں ہوگا 29واں اجلاس عام؛ نئے ارکان کا بھی ہوگا انتخاب

بنگلورو میں منعقد ہونے والے آ ل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے انتیسویں اجلاس عام کے سلسلے میں مجلس استقبالیہ برائے اجلاس عام کی جانب سے بنگلور وپریس کلب میں ایک اہم پریس کانفرنس منعقد ہوئی، جس سے بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد فضل الرحیم مجددی صاحب اور بورڈ کے سکریٹری ...

غلط معلومات پر بی پی ایل کارڈ حاصل کرنے والے سرکاری عملے کے خلاف کارروائی: وزیر داخلہ پر میشور

کرناٹک کے وزیر داخلہ جی پر میشورنے اعلان کیا ہے کہ جو سرکاری ملازمین، زمیندار اور دو گاڑیوں کے مالکان غلط معلومات فراہم کر کے بی پی ایل کارڈ حاصل کریں گے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ڈانڈیلی میں اردو صحافیوں کے لیے سہ روزہ ورکشاپ کا آغاز 

  ڈا نڈیلی میں کرناٹک اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام اردو صحافیوں کے لیے سہ روزہ ورکشاپ کا افتتاح عمل میں آیا ،جس میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے شعبہ ماس کمیونیکیشن اور جرنلزم کے پروفیسرس نے مختلف امور پر روشنی ڈالی اور موجودہ دور میں صحافت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اردو ...