دہلی-این سی آر میں سردی کی شدت بڑھ رہی ہے، کئی ریاستوں میں کہرے کا الرٹ جاری
نئی دہلی، 17/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی، یوپی، ہریانہ، پنجاب، راجستھان اور مدھیہ پردیش سمیت شمالی بھارت کے مختلف حصوں میں سردی کا اثر دکھائی دینے لگا ہے۔ اگرچہ دن کے اوقات میں دھوپ کی موجودگی سے درجہ حرارت کچھ کم ہونے کی حالت میں رہتا ہے، مگر ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں سردی میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دہلی اور این سی آر میں آئندہ دو سے تین دنوں میں ٹھنڈ بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ دہلی کی فضائی آلودگی کی سطح ابھی بھی کافی زیادہ ہے۔
دہلی میں ہفتہ کی صبح اس موسم میں اب تک سب سے زیادہ ٹھنڈ محسوس کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی کہرے کی گھنی چادر بھی بچھی رہی۔ محکمہ کے مطابق اتوار کو دہلی میں درمیانی سطح کا یا گھنا کہرا ہو سکتا ہے، اس وجہ سے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دہلی کا اوسط درجہ حرارت کم ہو کر 13 ڈگری سیلسیس کے آس پاس پہنچ سکتا ہے۔ ہفتہ کی صبح دہلی میں صفدر جنگ کے پاس درمیانی سطح کا کہرا رہا جبکہ آئی جی آئی ایئر پورٹ کے پاس ہلکا کہرا ہونے سے صبح کے وقت حد نگاہ 500 میٹر رہی۔محکمہ موسمیات نے اتر پردیش کے کئی ضلعوں میں کہرے کے لیے الرٹ جاری کیا ہے، ان میں علی گڑھ، بریلی، مراد آباد، مؤ، سیتاپور وغیرہ شامل ہیں۔ اتر پردیش میں 18 نومبرسے درجہ حرارت گرنے کا امکان ہے۔ یوپی میں سرد لہر روزانہ دستک دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں ماہرین اور ڈاکٹروں نے لوگوں کو احتیاط برتنے کی صلاح دی ہے۔
دوسری طرف کیرالہ میں گزشتہ کئی دنوں سے روزانہ بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی یہاں کے لیے شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ الاپوجھا، کوٹائم، ایرناکولم، ترو اننت پورم، کولم، پتھن متھیٹا اور تریشور میں شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کچھ ضلعوں میں ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔