چکمگلورو : کھیلنے کے دوران کنویں میں گرنے سے دو بچیوں کی موت
چکمگلورو ،11 / دسمبر (ایس او نیوز) چکمگلورو ضلع کے کوپّا میں امّڈی ایسٹیٹ میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا جس میں گھر کے باہر کھیلنے والی دو بچیاں کنویں میں گر کر فوت ہوگئیں ۔
بتایا جاتا ہے کہ فوت ہونے والی لڑکیوں کا نام سیما (6 سال) اور رادھیکا (2 سال) ہے ۔ وہ کوپّا میں واقع کافی کے باغ میں قلی مزدوری کرنے سنیتا نامی خاتون کی بچیاں تھیں جو مدھیہ پردیش سے تعلق رکھتی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ سنیتا اپنی بچیوں کو گھر میں چھوڑ کر باغ میں مزدوری کے لئے گئی تھی ۔ جب وہ شام کو گھر لوٹی تو بچیاں گھر میں موجود نہیں تھیں ۔ گھبرائی ہوئی سنیتا نے اپنے ساتھی مزدوروں کو یہ بات بتائی تو انہوں نے بچیوں کو تلاش کرنا شروع کیا ۔ اس دوران گھر کے قریب موجود ایک کنویں میں دونوں بچیوں کی لاشیں تیرتی ہوئی ملیں ۔
سمجھا جاتا ہے کہ ماں مزدوری کے لئے چلے جانے کے بعد بچیاں باہر نکل کر کھیلنے کے دوران کنویں کے قریب پہنچی ہونگی اور پھسل کر کنویں میں گرنے سے یہ حادثہ پیش آیا ہوگا ۔
کوپّا پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے ۔ تحقیقات جاری ہے ۔