بھٹکل 26 مئی (ایس او نیوز) قریبی علاقہ منکی نیشنل ہائی وے 66 پربس اور کار کے درمیان ہوئی ٹکر میں کار ڈرائیورکی موت واقع ہوگئی، جبکہ کار سے ٹکرانے کے بعد بس سڑک کے کنارے اُلٹ جانے سے بس پر سوار قریب 30 مسافر زخمی ہوگئے۔ حادثہ جمعہ شب قریب 9:30 بجے پیش آیا۔
منکی سے سماجی کارکن ذاکر کنٹنگری نے بتایا کہ پرائیویٹ بس مینگلور سے ممبئی جارہی تھی، ایک بھٹکلی فرد سمیت قریب 35 مسافر بس پر سوار تھے۔ پتہ چلا ہے کہ کار جو مخالف سمت سے آرہی تھی، منکی پٹرول پمپ کے قریب واقع راستے کی طرف مُڑنے کے لئے آگے بڑھی تھی جس کے دوران ممبئی جانے والی تیز رفتارپرائیویٹ بس، کار سے ٹکراگئی۔ ٹکر کی شدت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کار کے اگلے حصے کی پرخچے اُڑ گئے، جبکہ کار سے ٹکرانے کے بعد بس بھی اُلٹ گئی اورہائی وے کنارے واقع برساتی نالے میں جاگری۔حادثے کے فوری بعد مقامی لوگوں نے کارکے اندر سے موہن نائک کو شدید زخمی حالت میں کار سے باہر نکالا اورہوناوراسپتال شفٹ کرایا، جہاں پہنچنے کے بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔
مہلوک کار ڈرائیورموہن نائک (45) منکی کے بولے بستی کا رہنے والا تھا۔ کار پر وہ اکیلا تھا۔ بس پر سوار تقریبا تمام مسافروں کو ہلکی چوٹیں آئی ہیں، بعض لوگوں کو زائد چوٹ بھی لگی ہے جنہیں ہوناور سرکاری اسپتال لے جایا گیا ہے۔ بعض معمولی زخمی ہونے والوں کو منکی سرکاری اسپتال لے جاکر مرہم پٹی کرائی گئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی منکی پولس جائے واردات پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ منکی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے.
Car crashes with private bus on Manki NH-66; 1 dead, 35 hurt