بھٹکل آنے والی بس شموگہ کے قریب آئینور میں اُلٹ گئی؛ معمولی زخموں کے ساتھ سبھی مسافر محفوظ

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 1st July 2024, 9:07 PM | ریاستی خبریں |

بھٹکل  یکم جولائی  (ایس او نیوز)  شموگہ سے بھٹکل آنے والی  سرکاری بس  ہوس نگر کے قریب  نگرا گھاٹ پر ایک منی لاری سے ٹکراکر اُلٹ گئی  اور ایک آم کے درخت کے سہارے لٹک کر جام ہوگئی جس کے نتیجے میں بس پر سوار تمام  67 مسافر معمولی زخموں کے ساتھ بال بال محفوظ رہ گئے۔ حادثہ  ضلع شموگہ کے آئینور سے آگے  نگرا گھاٹ پر پیر دوپہر قریب تین بجے پیش آیا۔

بس پر سوار بھٹکل مخدوم کالونی کے  سعود مُکری نے بتایا کہ وہ اپنی ماں، اہلیہ اور بچے کے ساتھ   دوپہر ایک بجے شموگہ سے  بھٹکل آنے کے لئے سرکاری بس پر سوار ہوئے تھے،دوپہر قریب تین بجے  اچانک مخالف سمت سے آنے والی منی لاری بس سے ٹکراگئی، اس سے بچنے کی  ہرممکن کوشش کے دوران  بس  سڑٖک کنارے اُلٹ کر کھائی میں گرنے ہی والی تھی کہ اللہ نے   ایک آم کے درخت کو  سہارا بنایا اور بس کو نیچے گرتے گرتے روک دیا۔  ہم نے دیکھا کہ نیچے بڑے نالے میں پانی تیزی کے ساتھ بہہ رہا تھا۔ بس اللہ کا کرم ہوا کہ پوری بس ایک درخت سے لٹک کر رُک گئی اورسبھی لوگ محفوظ رہ گئے۔ ہم  کھڑکیوں کوتوڑ کر بس سے باہر نکلے،  مقامی لوگ بھی فوری طور پر مدد کو پہنچ گئے اور بس کے پیچھے کا گلاس توڑ کر تمام مسافروں کو باہر نکالا گیا۔ 

حادثے کی اطلاع ملتے ہی 108 ایمبولینس بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی،  بعض مسافروں کو چوٹیں آئی تھیں، جن کو اسپتال سے مرہم پٹی کرانے کے بعد گھر جانے کی اجازت دی گئی۔

بتاتے چلیں کہ  کرناٹک  کے ساحلی علاقوں سمیت شموگہ و دیگر علاقوں میں گذشتہ ایک ہفتہ سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

بقول سعود، بس پر بھٹکل کی ان کی  فیملی کے ساتھ ساتھ شیرور کے بھی چار لوگ سوار تھے، جبکہ  ہوس نگر اور دیگر علاقوں کے  مسافر زیادہ تھے۔ تمام  لوگ حادثے میں بال بال بچ گئے ہیں۔ حادثے کے قریب آدھے گھنٹے بعد لوگ دوسری بس اور دیگر گاڑیوں پر  سوار ہوکر اپنی اپنی  منزل کی طرف روانہ ہوگئے۔ سعود نے بتایا کہ انہیں اور ان کی ماں اور لڑکے کو  چوٹیں آئی تھیں، اسپتال سے مرہم پٹی کے بعد وہ  پرائیویٹ بس پر سوار بیندور ہوتے ہوئے  رات قریب ساڑھے آٹھ بجے بھٹکل پہنچ گئے۔

ایک نظر اس پر بھی

کانگریس کی انتخابی شکست کی جانچ کرنے کمیٹی قائم کی جا ئے گی، پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے متعدد شعبے قائم کرنے کے پی سی سی عہدیداروں کی میٹنگ میں فیصلہ

نائب وزیر اعلیٰ  اور کے پی سی سی صدر ڈی  کے شیو کمار نے کہا ہے کہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں کانگر یس پارٹی کی توقعات کے برخلاف ناقص مظاہرہ کے اسباب کا جائز ہ  لینے کیلئے جانچ کمیٹی قائم کی جائے گی۔ یہ اعلان پیر کے روز انہوں نے کے پی سی سی دفتر کے بھارت جوڑو آڈیٹوریم میں ...

ریاستی حکومت نئے فوجداری قوانین میں ترمیمات پر کررہی ہے غور

مرکزی حکومت کی طرف سے سابقہ فوجداری قوانین کی جگہ جو تین نئے قوانین عمل میں لائے گئے ہیں اس کی مخالفت کرتے ہوئے ریاستی حکومت ان نئے قوانین میں اپنی طرف سے ترمیمات لانے اور ریاستی سطح پر قوانین تبدیل کرنے پر غور کر رہی ہے ۔

ریاست میں بڑھتا ہوا ڈینگی کا قہر - 6 مریضوں کی موت - 824 افراد متاثر

مانسوں کے موسم کے ساتھ ریاست میں ڈینگی بخار کا قہر بڑھتا جا رہا ہے ۔ چکمگلورو ضلع میں ڈینگی میں مبتلا ایک شخص کی موت کے ساتھ سرکاری ذرائع کے مطابق ریاست میں اس مرض سے مرنے والوں کی تعداد چھ ہوگئی ہے جبکہ بینگلورو میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 824 ہوگئی ہے ۔

وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کی پی ایم مودی سے ملاقات، زیر التوا پانی سمیت مختلف پروجیکٹوں کے لیے فنڈز کا مطالبہ

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارمیا نے ہفتہ  کو نئی دہلی میں پی ایم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ انہوں نے تین بڑے زیر التواء پانی کے پروجیکٹوں کے لیے مرکز سے منظوری طلب کی جس میں میکے داتو پروجیکٹ بھی شامل ہے۔ اس پروجیکٹ  کا مقصد بنگلورو اور آس پاس کے رہائشی علاقوں کو پینے کا پانی فراہم ...